زرداری روٹی کو چوچی کہتے ہیں کیا؟
مکرمی ! لگتا ہے کہ زرداری نہایت ہی معصوم ، نادان چھوٹے سے بچے ہیں جو روٹی کو چوچی کہتے ہیں ۔ اس لئے دوسروں کی باتوں میں آکر بیان جاری کرتے رہے ہیں۔ عام فہم زبان میں ایسے بندے کو ’’لائی لگ ‘‘ کہاجاتا ہے۔حالیہ بیان میں فرماتے ہیں کہ ’’ نواز شریف ہر موقع پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا کرتے۔ اینٹ سے اینٹ بجانے کا بیان بھی ان کی چال میں آکر دیا ‘‘ جناب اگر آپ ایسے ہی لائی لگ ہیں اور اپنی کوئی ذاتی رائے نہیں رکھتے تو پھر آپ کو سیاست میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ نواز شریف اگر ہر بار آپ پر حاوی رہے ہیں ۔ تو آپ کے جی حضورئیے ایک زرداری سب پہ بھاری کا جھوٹا نعرہ لگاتے رہے ہیں کیا؟ مزید پھلجھڑی چھوڑتے ہوئے فرما رہے ہیں کہ ’’نواز شریف نے میری نیک نیتی کا ناجائز فائدہ اٹھایا‘‘ اول تو آپ نیک نیت ہیں نہیں ۔ اگر بالغرض مان ہی لیا جائے کہ آپ ہیں تو نواز شریف نے ناجائز نہیں جائز فائدہ اٹھایا ہے اور اسی کا نام سیاست ہے۔ یہ اب وہ عوام نہیں جن کی آنکھوں میں آپ دھول جھونک سکیں گے ۔ اسٹیبلشمنٹ آپ کے ان فرمودات عالیہ کو کس زوایے سے لیتی ہے، معلوم نہیں۔(محسن امین تارڑ ایڈووکیٹ ، 0348-4451063)