فیصل آباد: ٹیچر کا معصوم طالبات پر مبینہ تشدد‘ بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتا رہا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ٹیچر کا معصوم طالبات پر مبینہ تشدد، بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتا رہا۔ ہیڈمسٹریس و ٹیچرز کے ساتھ بھی ہتک آمیز رویہ۔طالبات و خاتون ٹیچرز کئی گھنٹے سکول کے باہر بازار میں بیٹھی رہیں۔ طالبات و ٹیچرز سراپا احتجاج کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ تھانہ صدر کے نواحی گاؤں 58گ۔ب میں گورنمنٹ گرلز سکول کے کلاس رومز و سکول کی بلڈنگ کی تعمیر کا کام جاری ہے جس کی بناء پر ہیڈمسٹریس نے گاؤں میں واقع بوائز سکول کے ٹیچر موسیٰ سے بات کر کے طالبات کو سکول میں بٹھایا تو سکول ٹیچر موسیٰ نے مبینہ طور پر ننھی طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بالوں سے گھسیٹا جبکہ لیڈیز ٹیچرز و ہیڈمسٹریس کے ساتھ ہتک آمیز رویہ رکھا۔ طالبات اور ٹیچرز سکول کے باہر گرمی میں کئی گھنٹے بیٹھی رہیں اور احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سکول ٹیچر کے خلاف کارروائی کر کے تحفظ فراہم کیا جائے۔ احتجاج کی اطلاع پر پولیس کی نفری پہنچ گئی۔ میڈمسٹریس خورشید بیگم کے مطابق سکول ٹیچر موسیٰ نے سراسر زیادتی کی ہے محکمہ تعلیم ذرائع نے بتایا کہ معاملہ نوٹس میں آنے پر انکوائری کی جا رہی ہے۔