فیصل آباد: ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے 2محنت کش زخمی کردیئے
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں نے دو محنت کشوں کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا جبکہ شہری نقدی، موبائل فونز سے محروم ہو گئے۔ شہری کی موٹرسائیکل چور لے اڑے۔ تفصیلات کے مطابق سانگلہ ہل کا رہائشی 65سالہ امیر حسین شوگر مل سے ڈیوٹی کے بعد موٹرسائیکل پر سوار ہو کر واپس گھر آ رہا تھا کہ 147ر۔ب پل نہر پڑوپیاں کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر اسے گولی مار دی اور تین ہزار کی نقدی و موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں عثمان ٹاؤن کا رہائشی تین بچوں کا باپ 42سالہ اشفاق ملت روڈ پر سڑک کنارے اپنے تربوزوں کے سٹال کے قریب سو رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے نقدی چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر اسے گردن میں گولیاں مار دیں۔نعمت کالونی نمبر2 میں عمران نے اپنی موٹرسائیکل گھر کے باہر کھڑی کی تھی جہاں سے اسے نامعلوم چور لے اڑے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔