آئین کو آمرانہ ترامیم سے پاک کیا‘ صرف نعرے نہیں لگاتے‘ خدمت کرتے ہیں : زرداری
لاہور (خبر نگار) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے منڈی بہاﺅالدین اور سرگودھا کی ممتاز شخصیات نے بلاول ہاﺅس لاہور میں ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا تعلق مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی سے تھا۔ ان میں محمد نواز تارڑ سابق امیدوار قومی اسمبلی، محمد یعقوب تارڑ چیئرمین یونین کونسل ساہی اور وائس چیئرمین محمد اشرف ساہی، محمد اسلم گوندل ، سابق سینیٹر محمد اسلم ، محمد انور تارڑ، محمد عثمان گوندل، محمد سعود گوندل، عادل عباس رانا، سید احسان اللہ، تصور حسین تارڑ اور عبدالقیوم شامل ہیں جبکہ سرگودھا سے ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پی ٹی آئی کے رہنما بریگیڈیئر اظہار الحسن، تحصیل صدر بھیرہ ارسلان حسن اور سابق ایم پی اے میجر احسان شامل ہیں۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی جمہوریت پسند پارٹی ہے۔ پیپلزپارٹی نے ملک کو متفقہ دستور دیا۔ اس دستور میں مختلف غاصبوں نے ترامیم کرکے پارلیمان کے اختیارات ہتھیائے اور پھر پاکستان پیپلزپارٹی نے آئین کو آمرانہ ترامیم سے پاک کیا‘ غریب عوام کی خدمت کرنا پیپلزپارٹی کا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کی قسمت میں یہ نہیں لکھا ہوا ہے کہ وہ ہمیشہ غریب رہیں، مزدور کا بچہ بھی مزدوری کرتا رہے اور ان کی آنے والی نسل بھی معاشی بدحالی کی بھینٹ چڑھتے رہیں۔
زرداری