نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا دورہ پاکستان کے لئے غور ‘ آسٹریلیا نے انکار کر دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے 15 سال بعد اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے حوالے سے غور و فکر شروع کر دیا ہے۔کیویز بورڈ کے ترجمان رچرڈ بروک کے مطابق بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کے آخری اجلاس میں چیئرمین پی سی بی کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت کی درخواست ملی ہے جس پر غور کر رہے ہیں، تاہم نومبر میں شیڈول سیریز یو اے ای میں ہی کھیلی جائیگی۔ دورہ پاکستان کے لئے حکومت، کھلاڑیوں اور سکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں سے بات چیت کی جائیگی اور اس کے بعد اس درخواست کا جواب دیا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 2002 میں کراچی میں بم دھماکے کے بعد آخری ٹیسٹ ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی تاہم کیویز ٹیم 2003 میں ون ڈے سیریز کیلئے واپس آئی تھی جس کے بعد کیویز ٹیم نے پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کیا۔ اب رواں سال نومبر میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز شیڈول ہے۔آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی سے رابطہ کرنے کی خبروں کی تصدیق سے انکار کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز شیڈول کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ہوگی ۔ آسٹریلوی کھلاڑیوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے ۔ آسٹریلوی ٹیم کے نقطہ نظر سے سیریز متحدہ عرب امارات سے کہیں اور منتقل کرنے پر غور نہیں کر رہے ہیں ۔