شمالی کورین لیڈر سے ملاقات بہت جلد اور کامیاب ہو گی : امریکی صدر ٹرمپ
سیؤل، نیویارک (صباح نیوز) شمالی و جنوبی کوریا کے سربراہان کم جونگ آن اور مون جائی ان کی تاریخی ملاقات کے بعد امریکی صدر کی ملاقات جلد متوقع ہے اور ملاقات کے ممکنہ مقامات کے ناموں میں سنگاپور کے نام کا اضافہ ہو گیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ آن سے ملاقات کا مقام سنگاپور بھی ہو سکتا ہے جبکہ جنوبی اور شمالی کوریا کا سرحدی گاؤں پان من جوم ممکنہ مقامات کی فہرست میں پہلے ہی موجود ہے، تاہم سنگاپور سمیت دیگر ملکوں پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ ٹرمپ نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے سربراہان کی ملاقات کامیاب ملاقات ہو گی اور بہت جلد ہو گی۔ صدر ٹرمپ نے کم جونگ آن کے جوہری تجربہ گاہ کو بند کرنے کے اعلان کو بھی سراہا اور کہا کہ کم بہت بے باک اور صاف گو ثابت ہوئے۔