لاہوری حکمرانوں نے ملک کو لوٹ کر صرف لاہور کو خوبصورت بنایا: اختر مینگل
کوئٹہ(بیورو رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلی بلوچستان سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ2013ء کی طرح آئندہ عام انتخابات میں کسی کو مینڈیٹ چرانے نہیں دیں گے، باپ کو لاکر الیکشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں ،گوادر کے عوام کو پینے کا پانی تک میسر نہیں،بلوچستان کے عوام کی زندگیا ں غیر محفوظ ہیں ،ترقی صرف اس وقت ممکن ہے جب یہاں کے منتخب نمائندوں کو ساحل وسائل پر اختیار دیا جائے ،بلوچستان میں ظلم اور زیادتی کا خاتمہ نوجوانوں میں روزگار کی فراہمی ،عوام کے عزت نفس کی حفاظت، مریضوں کو زندگی کے بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا پارٹی منشور اور ہماری جدوجہد کا مقصد ہے انہوں نے یہ بات بدھ کو پنجگور میں معروف قبائلی و سیاسی شخصیت اور صوبائی اسمبلی کے سابقہ امیدوارحاجی عبدالغفار شمبے زئی، حاجی عبیداللہ بلوچ وقار آسکانی ،حاجی ناصرکریم،محمد یونس مراد زئی اور سینکڑوں کی تعداد میں اپنے قبائل عزیز و اقارب اور دوستوں کے ساتھ بی این پی عوامی سے مستعفی ہو کر بی این پی(مینگل) میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بی این پی کے مرکزی نائب صدر ولی کاکڑ، سی سی ممبر حاجی لشکری رئیسانی،پروفیشنل سیکریٹری ڈاکٹر غفور بلوچ مرکزی جوائنٹ سیکریٹری میر نزیر احمد بلوچ،میر ہمایوںعزیز کْرد، سی سی ممبر حاجی زاہد حْسین بلوچ، ضلعی صدر کفایت اللہ بلوچ معروف قبائلی شخصیت حاجی عبدالغفار شمبے زئی نے بھی خطاب کیا، سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ وزیروں کی موجودگی سے کیا یہاں کے مسائل میں کمی ہوئی ہے یہ چیزیں اس وقت ممکن ہیں کہ ہمیں اختیار ملے اگر اختیار ملے تو یہاں کے عوام کے تمام مسائل حل ہونگے یہ وزارت اور عیاشیاں تو سالوں سے چلی آرہی ہیں لیکن یہاں کے عوام کی زندگی میں کوئی مثبت فرق نہیں آیا ہے پورے بلوچستان میں زندگی کے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور لوگوں کی زندگیاں محفوظ نہیں ہیں۔ ترقی بجلی گیس اور پانی کے بغیر ناممکن ہے۔ پانی انسانی زندگی کا ایک اہم جْز ہے لیکن گوادر کی بجلی پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ بی این پی اس سرزمین پر رہنے والوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا بلوچ اور بلوچستان پر اعتماد کرنے سے یہاں سے پسماندگی ختم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا لاہور کے حکمرانوں نے پورے ملک کو لوٹ کر صرف لاہور کو خوبصورت بنایا ہے۔