ہزارہ برادری ٹارگٹ کلنگ کے ملزم گرفتار، دشمن سی پیک ناکام بنانا چاہتا ہے: بزنجو
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے ایک درجن سے زائد خود کش حملے ناکام بنائے ہیں ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو بھی گرفتار کیا ہے عوام کیساتھ ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کررہے ہیں ملک دشمن بلوچستان میں بدامنی پیدا کر کے سی پیک منصوبہ ناکام بنانا چاہتے ہیں ،یہ بات انہوں نے بدھ کو سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کو دہشتگردی کا سامنا ہے ،دہشتگرد امن کی فضا کو تباہ کرنے کے درپے ہیں ہم نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں بلوچستان کیساتھ متصل بارڈر سے دہشتگرد یہاں داخل ہوتے ہیں ،پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے ،جس سے دہشتگردی کی روک تھام میں مدد ملے گی ،انہوں نے کہاکہ ہم نے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی لیکن انہوں نے ہمیں بدلے میں دہشتگردی دی ہمیں پختہ شواہد ملے ہیں کہ دہشتگردی کے واقعات میں ہمسایہ ممالک ملوث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منظور پشتین پشتون دوستی کیلئے بلکہ انکی دشمنی پر نکلا ہے کیا منظور پشتین یہ چاہتے کہ پشتون علاقوں میں دہشتگردی کی فضاء برقرار رہے ،منظور پشتین پشتون قوم کو مزید تباہی کے دہانے پر نہ لیکر جائے۔