پی آئی اے آج نیو اسلام آباد ائرپورٹ سے فضائی آپریشن شروع کریگی
لاہور(خبر نگار) پی آئی اے کا نیو اسلام آباد ائر پورٹ سے فضائی آپریشن آج بروز جمعرات صبح 10 بجے سے شروع ہو گا۔جمعرات کو اسلام آبادسے پی آئی اے کی 45 پروازوں میں سے 14 پروازوں کی آمدورفت پرانے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائر پورٹ سے ہو گی جبکہ31 پروازوں کی آمدورفت نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ سے ہو گی۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے کال سینٹر مسافروں کی جانب سے بکنگ کے وقت فراہم کئے ٹیلی فون نمبروں پر ان کو مطلوبہ پرواز کے متعلق اطلاع فراہم کر رہا ہے۔ تا ہم ترجمان نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ از خود اسلام آباد سے اپنی مطلوبہ پروازوں کی آمدورفت کے متعلق پی آئی اے کے کال سینٹر کے نمبر111-786-786 سے معلومات حاصل کریں۔لاہور سے اسلام آباد کے بینظیر بھٹو ائر پورٹ کے لئے آخری پرواز PK650 آج صبح 7بجے روانہ ہو گی۔پی آئی اے کے ترجمان اطہر اعوان کے مطابق لاہور سے نیو اسلام آباد ائرپورٹ کے لئے پہلی پرواز پی کے 652 دوپہر 3 بجے روانہ ہو گی۔ اسلام آباد کے پرانے ائر پورٹ سے لاہور کے لئے آخری پرواز پی کے 652 آج صبح 9بجے روانہ ہو گی۔