حج کیلئے سہولیات سے مزین اقدامات یقینی بنائے جائیں: وفاقی کابینہ‘غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے:وزیراعظم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نیشن رپورٹ) وفاقی کابینہ نے حج کے لئے قابل برداشت اور سہولیات سے مزین بہترین اقدامات یقینی بنانے کی ہداےت کر دی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس سلام آباد میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان فزیکل تھراپی کونسل اور پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز و پیرا میڈیکس کونسل کے قیام کی اصولی منظوری دی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی برائے لیجیسلیٹیو کیسز (سی سی ایل سی) کے سامنے مسودہ قانون پیش کیا جائے۔ کابینہ کو حج پالیسی 2018ءاور قرعہ اندازی کے عمل پر پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔۔ کابینہ نے کیبنٹ کمیٹی برائے لیجیسلیٹیو کیسز کے 24 اپریل 2018ءکو ہونے والے اجلاس کی سفارشات، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 12 اپریل 2018ءکے اجلاس کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 23 اپریل 2018ءکو کراچی میں ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے پروفیسر ڈاکٹر غزالہ صدیقی کی بطور ڈائریکٹر سینٹر آف ایکسی لینس میرین بیالوجی یونیورسٹی آف کراچی تقرری کی منظوری دی۔ کابینہ نے لاہور اور پشاور میں سپیشل کسٹمز ٹیکسیشن و اینٹی سمگلنگ کورٹس میں تعیناتی و بحالی کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے وزیر برائے آبی وسائل کو ہائیڈرل پاور پلانٹس کے کیس میں نیپرا کی جانب سے ٹیرف کے تعین کے حوالے سے نوٹیفکیشن کے اجراءکا اختیار دیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان ایران انویسٹمنٹ کمپنی کے چیئرمین یا ڈائریکٹر کی تقرری یا نامزدگی کے لئے بھی منظوری دی گئی۔ وزیر توانائی نے کابینہ کو ملک میں بجلی کی طلب و رسد کے بارے میں بریفنگ دی۔نیشن رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو ہدایت کی کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کی جائے۔
کابینہ