• news

اٹک : اٹامک انرجی کمشن کی بس پر خودکش حملہ‘ 2 افراد جاں بحق‘ 13 زخمی

اٹک‘بنوں‘ ملتان (نوائے وقت رپورٹ ‘ صباح نیوز ‘کرائم رپورٹر) اٹک میں بسال روڈ پر ڈھوک گاما کے مقام کے قریب اٹامک انرجی کمشن کی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے جبکہ بنوں میں فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔ انرجی کمشن کا ایک ملازم اور ایک راہگیر جاں بحق ہوئے۔ ایم ایس خالد سلطان نے کہا کہ دھماکے کے دو شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو اہلکارشدید زخمی ہوگئے ، سکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کے گشت پرتھی، حملہ ریمو ٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔ اٹک میں سرکاری گاڑی پر خود کش دھماکہ کے بعد آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں واضح رہے کہ آئی جی نے تمام آر پی اوز سی پی اوز و ڈی پی اوز کو اپنے اپنے ریجن و اضلاع میں واقع حساس تنصیبات تعلیمی اداروں‘ عبادت گاہوں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ عوام کے مال و جان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

خود کش حملہ

ای پیپر-دی نیشن