• news

قومی کرکٹرز کو صرف ایک غیر ملکی لیگ تک محدود کرنے کی تجویز

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سخت شیڈول کے پیش نظر کھلاڑیوں کو انجریز سے بچانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اراکین نے قومی کھلاڑیوں کو سال بھر میں صرف ایک غیرملکی ٹی20 لیگ کھیلنے تک محدود کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کی زیر سربراہی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے معاملات پر بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں سبحان احمد، مدثر نذر، شکیل شیخ سمیت بورڈ کے دیگر اہم اراکین نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کہا گیا کہ کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک کرکٹ اور غیر ملکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے ایک نیا قانون تیار کیا جائے۔اجلاس کے دوران یہ تجویز پیش کی گئی کہ پی سی بی کے کنٹریک یافتہ کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ سمیت صرف دو ٹی20 لیگ کھیلنے کی اجازت دی جانی چاہیے تاکہ کھلاڑیوں کو انجریز اور تھکاوٹ سے بچایا جا سکے۔ فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل قریب میں ڈومیسٹک کرکٹ کے سٹرکچر میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائےگی اور موجودہ نظام کو برقرار رکھتے ہوئے ایونٹس کا انعقاد کیا جائےگا۔ پی سی بی حکام نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے مالی حالات کی بہتری کے لیے ریجنل ٹیم کے کھلاڑیوں کی فیس میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا۔فیصلہ کیا گیا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے ریجنل ٹیموں کے انتخاب کے لیے قومی سلیکٹرز کے اختیارات میں اضافہ کیا جائےگا۔ مقامی لیگوں میں میڈیا اور کمرشل حقوق کے لیے ضابطے مرتب کیے جائیں گے اور انہیں انسداد کرپشن، کھلاڑیوں کے انتخاب اور سپانسرز سمیت دیگر اہم معاملات میں پی سی بی کی شرائط کو پورا کرنا ہو گا۔اجلاس کے حوالے سے حتمی رپورٹ آئندہ چند روز میں پی سی بی چیئرمین کو پیش کی جائےگی جس کے بعد چیئرمین کی منظوری سے ان تمام تجاویز کو قانونی شکل دی جائےگی۔

ای پیپر-دی نیشن