خلائی مخلوق سے 22 کر وڑ عوام اچھی طرح واقف ہیں، مشاہد اﷲ
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف کو آف شور کمپنی رکھنے پر نااہل کردیا گیااور اسی کیس میں عمران خان کو صاف بچالیا گیا۔ایسا کام صرف خلائی مخلوق ہی کرسکتی ہے۔ نواز شریف کا خلائی مخلوق والا اشارہ 22کروڑ عوام سمجھتی ہیں اس خلائی مخلوق کو عوام اچھی طرح جان چکی ہیں۔ جو کبھی میڈیا کو بند کردیتا ہے اور کبھی اپنے مخالفین کو سرعام غائب کردیتا ہے نواز شریف کو آف شور کمپنی رکھنے پر نااہل کردیا گیاان لوگوں سے کوئی نہیں پوچھتا جنہوں نے ڈالروں کے عوض پاکستانیوں کو امریکہ کے حوالے کردیا ، پاکستان میں ایسی کاروایاں ہوتی رہتی ہیں جن میں بظاہر کوئی نظر نہیں آتا لیکن اس کے پیچھے نادیدہ قوتوں کا ہاتھ ہوتا ہے ،ا گر نواز شریف کرپٹ ہوتا تو آسانی سے ملک کا ایٹمی پروگرام 5 ارب ڈالر کے عوض بیچ دیتا۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے انہوں کہا کہ جو چیزیں نظر نہیں آتیںانکو کوئی بھی نام دیا جاسکتا ہے۔ نواز شریف کے ساتھ جو ہوا اسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ نواز شریف نے چار سال کے دوران موٹرویز بنائیں، بجلی کے کارخانے لگائے، سی پیک شروع کیا ، ملک کی اکانومی کو بہتر کیا اور بہت سے ایسے کام کیے جو آج تک کوئی حکومت نہیں کرسکی۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ان کاموں پر نواز شریف کو شاباش دی جاتی ان کا ہاتھ مضبوط کیا جاتا لیکن الٹا ان کے دشمن پیدا ہوگئے۔ نواز شریف کا پانامہ میں نام بھی نہیں تھا پھر بھی ان کو اقامہ پر نکال دیا گیا۔ جو ایک بھونڈا مذاق ہے۔