التوا کے حمایتی نہیں، فاٹا میں الیکشن ہو سکتا ہے تو بلوچستان میں کیوں نہیں: بزنجو
کوئٹہ(اے این این)نیشنل پارٹی کے سربراہ وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات اتنے خراب نہیں کہ الیکشن نہیں ہوسکتے اگر فاٹا میں الیکشن ہوسکتا ہے تو بلوچستان میں کیوں نہیں، نیشنل پارٹی کے ایسے اقدام کی حمایت نہیں کرینگے جس سے الیکشن ملتوی ہو، بلوچستان میں تمام سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے تیار ہیں، نئی جماعت میں بھی ہمارے دوست شامل ہیں لیکن وہ آنیوالے وقت میں صرف نام تک محدود رہے گی۔ ووٹ کی عزت کا نعرہ صرف نواز شریف کا نہیں پورے ملک کا ہے بلکہ ووٹ کے ساتھ ووٹر کے عزت کا بھی احترام کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاء الرحمن اور جنرل سیکرٹری عبدالخالق رند کو چیک حوالگی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں مخصوص حالات کا سامنا ہے ایک طرف نواب ثناء اللہ خان زہری کی حکومت کا خاتمہ دوسری جانب آج کے حالات ہیں حالانکہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں الیکشن کے حوالے سے سرگرمیاں ہو چکی ہیں نیشنل پارٹی نے بھی الیکشن میں حصہ اور آنیوالے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے نہ صرف سرگرمیاں بلکہ مرکزی کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد کیا تھا انہوں نے کہاکہ آج اور2013کے الیکشن میں واضح فرق ہے اس وقت حالات خراب تھے الیکشن کے دن بم دھماکے ہورہے تھے لیکن آج حالات صحیح سمت میں جارہا ہے اس صورت میں الیکشن ملتوی کرنا سیاسی جماعتوں اور ملک دونوں کیلئے نقصان دہ ہے۔