دنیا میں اسلامو فوبیا میں کمی ہو رہی ہے: او آئی سی
جدہ (صباح نیوز) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مبصرین کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2016-17 کے مقابلے میں جولائی 2017سے اپریل 2018کے دوران اسلام فوبیا میں بتدریج کمی دیکھنے میں آئی۔ اسلام فوبیا سے چین، میانمار اور آسٹریلیا سمیت دیگر مغربی ممالک میں بھی مسلمانوں کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے، چار ابواب اور 104 صفحات پر مشتمل رپورٹ کو تین مختلف سرکاری زبانوں انگریزی، عربی اور فرانسیسی میں شائع کیا گیا ہے جو 5 مئی 2018ء کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 45 ویں اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ رپورٹ میں یورپ، امریکہ، ہند اور جنوبی کوریا سمیت مختلف ممالک میں مقیم مسلمانوںکے ساتھ تشدد کے مختلف واقعات کے 40 فوٹو بھی شامل کئے گئے ہیں۔ متاثر ہونے والے مسلمانوں کو بعض ممالک میں انصاف تک رسائی بھی دستیاب نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے واقعات کے درست اعداد وشمار مرتب کرنا کافی مشکل ہے۔ عالمی سطح پر مسلمانوں کے حوالے سے پائے جانے والے تعصب اسلام فوبیا میں چار بنیادی پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے۔ جن میں سے پہلا امریکہ میں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عوام کا رد عمل، یورپی ممالک کے انتخابات میں مذہبی رجحانات کی حامل سیاسی جماعتوں کی شکست اور یورپ کے خطے سے مذہبی تعصب کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے مختلف حکومتی اقدامات اور پروگرامز سمیت امریکہ اور یورپ سمیت دیگر غیر مسلم ممالک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات ہیں۔ رپورٹ میں اسلام فوبیا میں کمی کے رجحانات کا تجزیہ کرنے کیلئے نیویارک، برسلز اور جنیوا اور مختلف ممالک سمیت اقوام متحدہ میں او آئی سی کے دفاتر اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس وثقافت (یونیسکو) کے اعداد وشمار سے مدد حاصل کی گئی ہے۔