• news

پاک بحریہ کی مینگرووز اگاؤ مہم، 20لاکھ پودے لگائے جائینگے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ نے حکومت پاکستان کے ’سر سبز پاکستان وژن‘ کے مطابق مینگرووز اگائو مہم برائے سال 2018 کا آغاز کر دیا ہے۔ امسال یہ مہم اس سلسلے کی تیسری مہم ہے جس میںسندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آئندہ ایک سال کے دوران تقریباً 20لاکھ مینگرووز کے پودے لگائے جائیں گے۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شاہ بندر میں بحیثیت مہمان خصوصی پاک بحریہ کی مینگرووز اگائو مہم کا افتتاح کیا۔ مینگرووز ساحلی ایکوسسٹم، سمندر کے تباہ کن اثرات کو روکنے اور سمندری حیات کے بقا کے لیے نہایت اہم ہیں۔ مگر قدرت کا یہ انمول تحفہ گھریلو استعمال کی ضروریات اور معاشی ترقی کے باعث ختم ہوتا جا رہا ہے۔ سمندری حیات کی بقا کے لئے مینگرووز کی اہمیت سے آگاہ ہونے اور میری ٹائم سیکٹر کے اہم سٹیک ہولڈر کے طور پر پاک بحریہ نے پوری ساحلی پٹی پر مینگرووز کے جنگلات کو پھر سے اگانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ نیول چیف نے صوبائی اور وفاقی محکموں سمیت تمام متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ اس ضمن میں اپنا اپنا کردار ادا کریں اور میرین ایکولوجی کو بچانے کی اس کاوش میں پاک بحریہ کا ساتھ دیں۔ بعد ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کریکس ایریاز میں قائم پاک بحریہ کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن