• news

ڈسٹرکٹ ہسپتال وہاڑی: یورپ کی علاج گاہ کا گمان ہوتا ہے

طیارے سے+وہاڑی (محمد دلاور چودھری) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ اور خیبر پی کے میں جا کر دیکھا ہے وہاں کوئی کام نہیں ہوا بلکہ سب بیڑہ غرق کیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے سٹیٹ آف دی آرٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے افتتاح کے لیے وہاڑی جاتے ہوئے کہی۔ طیارہ فضا میں بلند ہوا تو انہوں نے کھڑکی سے نیچے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیں میٹرو لائن دکھائی دے رہی ہے۔ اس وقت ان کے چہرے پر ایک مسرت تھی جو ایک پینٹر کے کوئی شاہکار تشکیل دیتے وقت ہوتی ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی کو دیکھ کر پنجاب حکومت کی صحت کیلئے گرانقدر خدمات کا معترف ہونا پڑتا ہے۔ بین الاقوامی معیار کی لیبارٹری ایک گھنٹے میں خون کے ہر قسم کے ٹیسٹوں کی رپورٹ حاصل کرنے اور 24 گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت کے علاوہ ویسٹ کو ڈسپوز آف کرنے کیلئے انتہائی جدید مشین جو 1400 ڈی سنٹی گریڈ تک کی حرارت پیدا کر کے ویسٹ سے پیدا ہونے والی گیسوں کو بھی جلا دیتی ہے اور ہسپتال کی فضا کو ہر قسم کی آلودگی اور جراثیم سے پاک کر رہی ہے۔ خون کے 440 ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سی ٹی سکین زبردست آئی ٹی سہولتوں کے باعث لاہور میں قائم کمپنی کے مرکز پہنچایا جاتا ہے جہاں کنسلٹنٹ کی 24 گھنٹے سہولت میسر ہوتی ہے اور فوری رزلٹ حاصل کر لیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ وارڈز میں جدید بیڈز موجود ہیں جو ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق مریض کو ہر ضروری پوزیشن پر رکھنے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ ہیپاٹائٹس ملک کا انتہائی بڑا مسئلہ ہے۔ ہسپتال میں ہیپا ٹائٹس کلینک کی سہولت بھی میسر ہے۔ ایوننگ او پی ڈی، چالیس برس یا زائد کے مریضوں کے معائنے کیلئے کلینک، فری ڈائیلسز سنٹر، لیور، کڈنی کے علاج کی سہولت، مہنگی سے مہنگی ادویات کی مفت فراہمی، کمپیوٹرائزڈ پرچی سسٹم، سنٹرلی اے سی ہسپتال اور اجلے فرش، درودیوار کو دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ آپ جنوبی پنجاب کے کسی چھوٹے شہر کے نہیں بلکہ یورپ کے کسی ہسپتال میں موجود ہیں۔ خاص طور پر ”کی لیول“ آپریشن کی سہولت دیکھ کر تو انسان حیران ہی رہ جاتا ہے۔ پنجاب کے 39 اضلاع میں ایسے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں یا زیرتکمیل ہیں۔
وہاڑی ہسپتال

ای پیپر-دی نیشن