• news

سپیکر خیبر پی کے اسمبلی کیخلاف 2 الگ الگ تحاریک عدم اعتماد جمع کوئی حیثیت نہیں: شوکت یوسفزئی

پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے فخر اعظم وزیر اور تحریک انصاف کے منحرف رکن ضیاءاللہ آفریدی نے سپیکر اسد قیصر کے خلاف اسمبلی سیکرٹریٹ میں الگ الگ دوتحاریک عدم اعتماد جمع کرا دیں، کہتے ہیں تحریک انصاف ایوان میں اپنی اکثریت کھو چکی ہے اب شہادت کے مرتبے پر فائز ہونا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن ایسا نہیں ہونے دیگی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ میں پہلے فخر اعظم وزیر نے تحریک التواءجمع کرائی۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک کےخلاف اس لئے تحریک اعتماد نہیں لائی جارہی کیونکہ وہ خود چاہتے ہیں کہ کوئی انہیں اقتدارسے علیحدہ کرے آخری وقت میں ایسا نہیں کرنے دےںگے لیکن دنیا کو بتائیں گے کہ اس وقت حکومت خیبر پی کے اسمبلی میں اپنی اکثریت کھو چکی ہے اس لئے سپیکر کےخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کی ہے۔ اس موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ضیاءاللہ آفریدی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ان کے خلاف پہلے ہی گورنر کو خط لکھاجا چکا ہے گورنر آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے پرویز خٹک سے اعتماد کا ووٹ لینے کوکہیں۔ ہمارا پہلا شکار اسد قیصر ہو گا اور ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بناکر دنیا کو بتائینگے کہ جو جماعت دوسروں کو اخلاقیات کا درس دیتی تھی وہ خود اخلاقیات پر پورانہیں اتر رہی۔ ترجمان وزیراعلیٰ خیبر پی کے شوکت یوسفزئی نے بیان میں کہا ہے کہ سپیکر اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد تحریک کی کوئی حیثیت نہیں، اپوزیشن بھی تحریک عدم اعتماد کو سپورٹ نہیں کریگی، دو ایم پی ایز نے مخاصمت میں سپیکر کو ٹارگٹ کیا، دونوں ایم پی ایز نے اپنی پارٹی کو بھی اعتماد میں نہیں لیا، فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق کریں گے۔
تحریک عدم اعتماد

ای پیپر-دی نیشن