خاران : شرپسندوں کی فائرنگ موبائل ٹاور پر کام کرنیوالے دو بھائیوں سمیت اوکاڑہ کے 6 مزدور جاں بحق
کوئٹہ + خضدار+ چوک شاہ مقیم+ اوکاڑہ+ لاہور (بیورو رپورٹ+ نامہ نگاران+ خبرنگار) خاران میں شرپسندوں نے نجی موبائل فون کمپنی کے ٹاور پر کام کرنے والے دو بھائیوں سمیت اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے 6 مزدوروں کو فائرنگ کرکے ہلاک جبکہ ایک کو زخمی کردیا۔ لیویز حکام کے مطابق خاران شہر سے 90کلو میٹر دور لجے کے پہاڑی مقام پر نجی موبائل کمپنی کا ٹاور لگانے والے مزدوروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد فخر رفیق، جاوید احمد، امانت علی، مظہر علی، وقاص احمد ، شادی شہزاد جاں بحق جبکہ فریال زخمی ہوگیا‘ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق پنجاب کے علاقے اوکاڑہ سے بتایا جاتا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر خاران مشتاق احمد، تحصیلدار محمد ہاشم لیویز فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ نعشوں اور زخمی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا گیا جہاں زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا جبکہ نعشیں ضروری کارروائی کے بعد اوکاڑہ روانہ کردی گئیں۔ لیویز نے نامعلو م افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔جاں بحق ہونے والوں میں چار مزدوروں کا تعلق نواحی گاﺅں 49ٹو ایل سے ہے اور زخمی مزدور کا تعلق بھی اسی گاﺅں سے ہے دو مزدوروں کا تعلق نواحی علاقے ٹھکری والا سے ہے جاں بحق ہونے والے مزدور دو روز قبل مزدوری کے لئے اپنے گھر بار چھوڑ کر بیوی بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے گئے تھے جاں بحق ہونے والے مزدور مظہر کی شادی تین سال قبل ہوئی تھی اور اس کی دو بچیاں ہیں بڑی بیٹی کی عمر دو سال اور چھوٹی بیٹی کی عمر ابھی چار ماہ کی ہے۔ مظہر کے بھائی نے مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بھائی دو روز قبل ہی گیا تھا ہم غریب لوگ ہیں اس کی دونوں بچیاں بے سہارا ہوگئی ہیں ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ان کو ناحق قتل کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ گاﺅں 49ٹوا یل میں چار مزدوروں اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلا ع ملنے پر پورے گاﺅں پر افسردگی چھائی ہوئی ہے۔
کوئٹہ/ مزدور ہلاک