پنجاب فٹبال فیڈریشن انتخابات، چیف جسٹس آف پاکستان نیا الیکشن کمشنر مقرر کرکے شیڈول جاری کریں: رانا اشرف گروپ کا مطالبہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پنجاب فٹبال فیڈریشن کے آج ہونے والے انتخابات میں امیدوار رانا اشرف گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان پنجاب کے الیکشن کے لیے نیا الیکشن کمشنر مقرر کر کے انتخابات کا نیا شیڈول جاری کریں۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن اپنے من پسند افراد کو جتانے کے لیے فیفا فنڈز کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔ الیکشن کمشنر علی رضا ایڈووکیٹ کو اپنے اعتراضات تحریری جمع کرائے ہیں اس کے باوجود ہمارے اعتراضات پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا حتٰی کے صدارت کے امیدوار رانا اشرف کے مقابلے میں سردار نوید حیدر کے کاغذات قانون کے برعکس منظور کیے گئے ہیں، درحقیقت صدر کا انتخاب بلا مقابلہ ہو چکا ہے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات میں نائب صدر کے امیدوار رانا ضیا الرحمان، انیس احمد خان لودھی، محمود خالد اور کرنل (ر) مجاہد ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نگرانی میں ہو رہے ہیں یا سپریم کورٹ کے نامزد کردہ الیکشن کمشنر کی زیر نگرانی ہو رہا ہے۔
پی ایف ایف کی جانب سے بنائی گئی کمیٹیوں کی نگرانی میں الیکشن نہیں ہو سکتے ہیں۔ پی ایف ایف کے حمایت یافتہ پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کی صدارت کے امیدوار کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ الیکشن میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے الیکشن میں جنوبی پنجاب کے نمائندوں کو جان بوجھ نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ پہلا موقع ہے کہ لاہور کے امیدواروں کے مقابلے میں جنوبی پنجاب کے نمائندے سامنے آئے ہیں۔ الیکشن 2015ءکے رولز کے مطابق نہیں ہو رہے ہیں جس کے خلاف ہم نے اپنے اعتراضات الیکشن کمیشن کو جمع کرائے ہیں اگر ان اعترواضات کو دور نہ کیا گیا تہ الیکشن کا بائیکاٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن پنجاب کے الیکشن میں اپنے من پسند افراد کو منتخب کرانے کے لیے فیفا فنڈز کا استعمال کیا جا رہا ہے، ووٹرز کو بھاری آفرز دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کے سیکرٹری پرویز احمد کی جانب سے ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ آپ لوگ جو مرضی کریں الیکشن کمشنر علی رضا کا پیغام ہے کہ آپ کو نہیں سنا جائے گا۔ اس کا صاف مطلب ہے کہ یہ الیکشن شفاف نہیں ہے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ الیکشن کمشنر کو تبدیل کر کے انتخابات کے نئے شیڈول کا اعلان کرئے۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹبال فیڈریشن کے منفی ہتکنڈوں کی وجہ سے ماضی میں بھی تین سال تک کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور مستقبل میں بھی پی ایف ایف کے لوگوں کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر فٹبال کی سرگرمیاں متاثر ہو نگی۔