• news

سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مواد کی اشاعت لاہور ہائیکورٹ نے وزارت ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جواب طلب کرلیا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مواد کی اشاعت پر پابندی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی تین رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مواد جان بوجھ کر شائع کیا جا رہا ہے جو آئین کے آرٹیکل دو سو چار کے تحت توہین عدالت اور سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی اشاعت پر پابندی کا حکم دے۔ جس پر عدالت نے سوشل میڈیا پرعدلیہ مخالف مواد کی اشاعت پر پابندی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے سات مئی کو جواب طلب کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن