جنوبی اور شمالی کوریا کی طرح ہمیں بھی آگے بڑھنا چاہئے بھارتی ہائی کمشنر، مذاکرات خارج از امکان: بھارت
نئی دہلی/ اسلام آباد (آن لائن+ وقت نیوز) پاکستان کے ساتھ مذاکرات کو خارج ازامکان قرار دیتے ہوئے بھارت نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کے حوالے اس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں 28 اور 29 اپریل کے درمیان دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان ہوئی ملاقات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ہمارا مو¿قف بالکل واضح شفاف اور بامعنی ہے ہم نے بار بار کہا ہے کہ دہشتگردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور مذاکرات کے لئے سازگار ماحول کا ہونا پہلی شرط ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں امن کیلئے لابی اور پریشر گروپ ہونا چاہئے، کشیدہ حالات کے باوجود دوطرفہ تجارت دو ارب 20 کروڑ ڈالر ہے، تیسرے ملک سے باہمی تجارت 5 ارب ڈالر ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت 80 ارب ڈالر تک جا سکتی ہے۔ کراچی ایک محفوظ شہر ہے، جنوبی اور شمالی کوریا کی طرح پاکستان اور بھارت کو آگے بڑھنا چاہئے۔کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق بھارتی ہا ئی کمشنر اجے ہساریہ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو سمیت دونوں ملکوں کے قیدیوں کو رہائی کے لئے بات چیت ہو رہی ہے۔ کراچی چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے اجے ہساریہ نے بھارتی قیدی کو رہائی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ میچ پر ہونے چاہئیں لیکن ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ویزا پالیسی کو نرم کرنے کے لئے تاجر تجاویز دیں گے۔
بھارت/ بھارتی ہائی کمشنر