• news

خلائی مخلوق والا بیان دوسرا نیوز لیکس نوازشریف کا سیاسی بوجھ اٹھایا پھر بھی طنز کا سامنا : نثار

اسلام آباد (آئی این پی‘نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے پاکستان کی سیاست میں ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا بالواسطہ یا بلاواسطہ کردار رہا ہے، نواز شریف کے خلائی مخلوق اور عمران خان کے گزشتہ انتخابات میں فوج کے کردار سے متعلق بیانات افسوسناک ہیں،ساری زندگی نوازشریف کا سیاسی بوجھ اٹھایا لیکن جوتیاں اٹھانے والا نہیں ہوں،بڑے بڑے امتحان آئے کبھی پارٹی کو نہیں چھوڑا،نواز شریف اور ان کی بیٹی مجھ پر طعنہ زنی میں مصروف رہے، نواز شریف کے ذاتی ملازم بھی میرے خلاف باتیں کر رہے ہیں، پیغامات لیکس اور کان میں کھسر پھسر کے ذریعے مجھ پرجو حملے ہو رہے ہیں ہضم نہیں کر سکتا،34سالہ پارٹی وفاداری کے بعد آج وضاحتیں دے رہا ہوں ا س سے لگتا ہے ساری زندگی ضائع کی،نواز شریف خوشامدی ٹولے سے نکلیں اور ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کریں تو صرف میں نہیں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو گی،نواز شریف کی طرف سے یہ کہنا وہ پہلے نظریاتی نہیں تھے اب نظریاتی ہو گئے ہیں یہ سن کر پشیمانی ہوئی،نواز شریف اب نظریاتی ہو گئے ہیں تو کہیں محمود اچکزئی کا نظریہ تو نہیں اپنا لیا،میں نے پارٹی چھوڑی نہ پارٹی چھوڑنے کا ارادہ ہے نہ کوئی اور عزائم ہیں،کوئی مطالبات ہیں نہ عہدے کی ڈیمانڈ دینے کے باوجود کوئی عہدہ نہیں لیا،گروپ بنانے والے اور لوگ ہوں گے، میں ایسا نہیں، کسی آزاد گروپ کا حصہ نہیں ہوں،چاہتا تو آرام سے 40، 45 ارکان اسمبلی کا گروپ بنا سکتا تھا،دھڑے بندی کیلئے میرے پاس بے شمار ارکان اسمبلی آئے لیکن سب کو پارٹی میں رہنے کا مشورہ دیا۔وہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا خلائی مخلوق والا بیان دوسرا نیوز لیکس ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق چودھری نثار نے عمران خان کی پارٹی میں شمولیت کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میرے لئے باعث عزت ہے ایک پارٹی کے لیڈرمجھے دعوت دے رہے ہیں۔ چودھری نے نثار نے کہا عمران خان اور نواز شریف میرے متعلق سوال پر چپ ہو جاتے ہیں تو اس میں میرا کیا قصور ہے؟ میری سیاسی تاریخ دیکھ لیں، دو نمبر لوگوں کی باتوں میں نہ آئیں۔
چودھری نثار

ای پیپر-دی نیشن