جوڈیشل کانفرنس میں بھی خلائی مخلوق کا تذکر ہ
اسلام آباد (صلاح الدین /نمائندہ نوائے وقت) سیاسی جلسوں کے بعد جوڈیشنل پالسی ساز کمیٹی(این جے پی ایم سی)کی آٹھویں جوڈیشنل کانفرنس میں بھی ’’خلائی مخلوق‘‘ کے تذکرے ہوتے رہے۔ چہ مگوئیاں ہوتی رہیں کہ اس کانفرنس کی کوریج پر کیوں زور دیاجارہا ہے ، سی پیک منصوبہ کی پبلسٹی کے لئے؟ یا آئین و قانون کی بالادستی وغیرہ کے لئے؟ کانفرنس کے دوران ایک دلچسپ بات جو سامنے آئی کہ کچھ لوگ جن میں سپریم کورٹ بیٹ کے رپورٹر ز ودیگر صحافی بھی شامل ہیں کو خلائی مخلوق کے پیغام بھی موصول ہوئے تھے کہ ’سی پیک کے لئے عدالتی کانفرنس‘ کی کوریج لازمی کی جائے۔ بادی النظر میں دیکھا جائے تو آدھی سے زائد کانفرنس سی پیک کی تفصیلات سے متعلق تھی ، کانفرنس میں بعض ایسے افراد بھی تھے جو سوٹڈ بوٹڈ تھے اور فرنٹ لائینوں پر بیٹھے ہوئے تھے نہ انہوں نے کوئی تقریرکی اور نہ کسی بحث میں حصہ لیا جبکہ ایسے افراد کی ایک کثیر تعداد ہر جگہ موجود موجود تھی جو کانفرس کے روم ، دروازوں ، راہداریوں میں کھڑے گپیں لگاتے رہے ماحول کامشاہدہ کرتے رہے اور ہر آنے جانے والے کوبغور دیکھتے رہے شاید ان کا مقصد کانفرنس کے حوالے سے شرکاء کے مثبت منفی تاثرات کا جائزہ لینا تھا۔