خلائی مخلوق خلاء میں کام کرے‘ زمینی مسائل زمین والوں کو حل کرنے دے: سراج ا لحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ خلائی مخلوق خلا میں رہ کر اپنا کام کرے اور زمینی مسائل زمین والوں کو حل کرنے دے ۔ حکومتیں بنانے اور انتخابی نظام کے پیچھے نادیدہ قوتوں کے ہاتھ کے بارے میں نوازشریف اور عمران خان کے بیانیے نے بیلٹ ، بیلٹ بکس اور پولنگ سٹیشن پر عوام کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیاہے ۔ فون کارڈز سمیت دیگر ظالمانہ ٹیکسوں پر چیف جسٹس کا از خود نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہیں ، امید ہے کہ اس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نماز جنازہ پڑھانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میںکیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کے سیاسی رہنما کئی دنوں سے انتخابات میں خفیہ ہاتھوں اور نادیدہ قوتوں کے کام دکھانے کے بیانات دے رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ 2013 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ کی کامیابی کے پیچھے خفیہ ہاتھ کارفرماتھے اور 2018 ء کے انتخابات میں بھی خفیہ ہاتھ کام دکھائے گا ۔ اب یہ رازو نیاز ختم ہونے چاہئیں، عوام کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کا حق ملنا چاہیے۔ ایسے بیانات سے عام آدمی حیران و پریشان ہے انتخابی نظا م کی چولیں ہل گئی ہیں ۔ الیکشن کمیشن کو انتخابی نظام پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے پورے انتخابی سٹرکچر کا جائزہ لینا اور خامیوں کو دو ر کرناہوگا ۔ نگران وزیراعظم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نگران وزیراعظم ایسے شخص کو بنایا جائے ، جس کی غیر جانبداری اور دیانتدار ی پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے ۔الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں ۔ ایم ایم اے مروجہ سیاست کا حصہ نہیں بلکہ ایک حقیقی متبادل ہے ۔ 13 مئی کو مینار پاکستان پر ایم ایم اے کا جلسہ ایک تاریخ رقم کرے گا اور سابقہ جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا ۔ ابھی تک وزیراعلیٰ کے پی کے نے نگران حکومت کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں کی ۔ علاوہ ازیں سراج الحق آج کراچی میں جے آئی یوتھ کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔