• news

نواز شریف میں ہمت ہے تو خلائی مخلوق کا نام بتادیں: شجا عت

پشاور(بیورو رپورٹ) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ معلوم نہیں نوازشریف نے کس کا نام خلائی مخلوق رکھا ہے ان میں ہمت ہے تو خلائی مخلوق کا نام بتا دیں، ق لیگ ہی تمام مسائل حل کر سکتی ہے، خیبر پی کے کے عوام ایک بار اسے بھی موقع دیں انشاء اللہ انہیں مایوسی نہیں رہے گی، صحت، تعلیم، روزگار عوام کا حق ہے، ہم یہ ان کی دہلیز تک پہنچائیں گے، کے پی کے میں جو کام ہوئے وہ ہمارے ہی لوگوں نے کئے، وہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کے ساتھ پشاور میں صوبائی سیکرٹریٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب اور میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ نوازشریف کے جیل جانے کے سوال پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فیصلہ آنے دیں میں نے فیصلہ نہیں دینا، ن لیگ کا حال اور مستقبل دیکھنے کیلئے کسی چشمے کی ضرورت نہیں وہ سب کے سامنے ہے لیکن یہ دیکھنے کیلئے کہ الیکشن ہوں گے خاص چشمے کی ضرورت ہے۔کنگز پارٹی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا وجود نہیں لوگ اپنی مرضی سے دوسری پارٹیوں میں جا رہے ہیں وہ دودھ پیتے بچے نہیں ہیں۔ ہم نے کے پی کے میں غلط لوگوں پر انحصار کیا، ان لوگوں نے اپنی ذات کو تو مضبوط کیا لیکن بدقسمتی سے ق لیگ کو مضبوط نہ کر سکے، ہم نے کوہستان، ہزارہ، قبائلی علاقوں اور تمام ڈویژنوں کے عوام کی بلاتفریق خدمت کرنی ہے، پارٹی عہدیدار نچلی سطح تک رکن سازی کریں۔ چودھری شجاعت حسین نے ایک سوال پر کہا کہ تمام مسلم لیگیوں کو متحد ہونا چاہئے، موجودہ حکومت میں بھی ہماری پارٹی کے دس، باہ وزیر تھے جو ن لیگ میں شامل ہوئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف اگر عدلیہ، فوج یا دفاعی اداروں کو خلائی مخلوق کہہ رہے ہیں تو کوئی ان کو اداروں کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دے گا، اداروں پر تنقید اور الزام لگانا درست نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن