کراچی والے پی پی کو ووٹ دینگے،مخالفین کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے: مراد علی شاہ
کراچی (آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہی ووٹ کریں گے کیوں کہ پی پی نے کبھی لسانیت کی بات نہیں کی پہلے بھی ایسا ہوتا رہا ہے کراچی والے اب انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این جے وی سکول کے دورہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بغیر پروٹوکول کے این جے وی سکول کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ٹریفک حکام کو گاڑی کے آگے پروٹوکول دینے سے منع کردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے سکول پہنچے پر سکول انتظامیہ اور اساتذہ نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ سکول کے پرنسپل نے انہیں کلاسوں کا معائنہ بھی کروایا جہاں پر انہوں نے کورس کے متعلق بچوں سے بات چیت کی اور پیار بھی کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے اپنے دور اقتدار میں صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے جو بھی تعلیم وصحت کے شعبوں کی پالیسیز شروع کیں انکا خاتمہ کوئی نہیں کرے گا۔ آج میں جس مقام پر کھڑا ہوں، اس میں میرے والدین کا بڑا کردار ہے، ایم کیو ایم جتنے مرضی جلسے کرے ہم نے اجازت دے دی ہے۔ نارائن جگن ناتھ ویدیا ہائی سکول (این جے وی) کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالب علم کی شخصیت سازی میں والدین اور استاد کے کردار کو برابر کا درجہ حاصل ہے۔