نثار نے اچکزئی نظریہ کی بات کرکے نوازشریف کو گہری چوٹ پہنچائی: شاہ محمود
اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے چوہدری نثار کی باتیں قابل غور ہیں ،نوازشریف کا بیانیہ ’’افغانیہ‘‘ ہے ، وہ قائد اعظم کے نظریہ سے ہٹ چکے ہیں، چوہدری نثار نے محموداچکزئی کے نظریہ کی بات کرکے نوازشریف کوگہری چوٹ پہنچائی ہے ،مسلم لیگ(ن) دو حصوں میں بٹ چکی ہے جس کی نشاندہی چوہدری نثار نے بھی کردی ۔چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس بڑی اہم اور قابل غور ہے ، مسلم لیگ (ن) میں موجود سنجیدہ لوگوں کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے ،چوہدری نثار کا کسی سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے جس کی انہوں نے وضاحت کردی ہے ان کا اختلاف نوازشریف کے بیانیہ سے ہے کیونکہ یہ بیانیہ ملک کیلئے نقصان دہ ہے کیونکہ پاکستان دشمن عناصر اس بیانیہ کو دنیا میں اجاگر کررہے ہیں جس سے ملک کی بدنامی ہورہی ہے اور چوہدری نثار نے بھی اس بیانیہ کونیوز لیکس ٹو سے تشبیہ دی ہے ۔چوہدری نثار کی جانب سے خلائی مخلوق کی مبینہ مداخلت پر سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کا کہا گیا ہے جس کی میں حمایت کرتا ہوں۔ وزیراعظم کو اپنے تابع اداروں سے یہ مسئلہ اٹھانا چاہیے اور نوازشریف کو حقائق وہاں پیش کرنے چاہئیں اگر ان کے پاس حقائق نہیں ہیں تو پھر وزیراعظم نوازشریف کے بیانیہ سے لاتعلقی کا اظہار کریں۔ پریس کانفرنس کے بعد نثار کا نوازشریف اور مریم بی بی کی قیادت میں چلنے والی مسلم لیگ(ن) میں رہنا ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔عوامی تحریک کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہا چوہدری نثار کی باتوں میں بڑا وزن ہے ، نوازشریف محموداچکزئی کی گود میں بیٹھا چکے ہیں جو پاکستان کو تباہ ، فوج اور عدلیہ کومفلوج کرنا چاہتے ہیں مگر وہ اس مشن میں اکیلے رہ جائیں گے ،پاکستان ، فوج اور عدلیہ ہمیشہ قائم و دائم رہیںگے،،چوہدری نثار کانوازشریف اور مریم بی بی کی قیادت والی مسلم لیگ(ن) میں رہنا ناممکن ہے ، وہ جلد آزاد گروپ بنائیں گے،12اراکین مسلم لیگ(ن) سے پہلے الگ ہو چکے‘ 30مزید اس گروپ میں شامل ہوجائیںگے۔ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر رد عمل میںانہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ہمیشہ بعد میں سمجھ آتی ہے کیونکہ ان کے دماغ کا اوپر والا حصہ مفلوج ہوچکا ہے۔ مجھے یقین ہے چوہدری نثار ایک آزادگروپ کو لیڈ کریں گے اور یہ حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد بن جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نوازشریف سے تو کیا مریم سے بھی ڈرتے ہیں وہ کبھی چوہدری نثار کی طرح نظریاتی نہیں بن سکتے۔ چوہدری نثارنے جو باتیں کی ہیں وہ پوری قوم کی آواز ہے جبکہ نوازشریف جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہیں۔ ضیاء الحق کی تاریخ نکال دی جائے تو پیچھے کچھ نہیں بچتا ، گوالمنڈی سے تحریک استقلال کے ٹکٹ پر نوازشریف نے ووٹ لئے جو شرمندگی سے خالی نہیں۔