• news

حکومت نے کریڈٹ لینے کیلئے نامکمل ائرپورٹ آپریشنل کر دیا، مسافر پریشان، پروازیں تاخیر کا شکار

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)نیو اسلام آباد ائیر پورٹ میںبنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے مسافر خوار ہونے لگے حکومت نے محض کریڈٹ لینے کیلئے نامکمل ائیرپورٹ کو آپریشنل کر دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ روزپی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز 369 تین گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہو گئی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ نیو اسلام آباد ائرپورٹ سے ہفتہ کو کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز 369 نے تین بجے اسلام آباد سے کراچی کے لیے اڑان بھرنی تھی مگر پرواز سکردو سے نہ پہنچنے کی وجہ سے تین گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہو گئی۔ پی آئی اے کے پاس متبادل جہاز تک نہیں تھا کہ مسافروں کو اس کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچایاجاتا۔ ایئر پوررٹ پر پی آئی اے کی فلائیٹ لیٹ ہونے کی صورت میں مسافروں کے لیے مہمان نوازی کا کوئی انتظام نہیں، جس کی وجہ سے مریضوں، بچوں اور خاص طور پرشوگر کے مریضوں کو کافی تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ نیو اسلام آباد ائرپورٹ پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، نئے ایئرپورٹ کے اندر مسافرکا سامان لے جانے والے بیلٹ کیچڑ سے بھرے تھے۔ بیٹھنے کے لئے نشستیں کم ہیں جس کی وجہ سے زیادہ مسافر کھڑا ہونے یا زمین پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ نیو ایئرپورٹ کا افتتاح تین روز قبل کیا گیا تھا اس کے باوجود نئے ائیرپورٹ پر صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ ناقص انتظامات کے وجہ مسافروں کو کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن