• news

سرگودھا: استحکام پاکستان ریلی میں مسلم لیگ (ن) کے سابق نااہل ایم پی اے کی اندھا دھند فائرنگ

سرگودھا (نامہ نگار) جعلی ڈگری پر نااہل قرار پانے والے مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے کی استحکام پاکستان ریلی میں 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت بھاری نفری کے باوجود غیر ملکی و ممنوعہ بور کے اسلحہ کی اندھا دھند سے فائرنگ، علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے لرز اٹھا، پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا رہی۔ جعلی ڈگری پر نااہل قرار پانے والے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی رضوان گل کی طرف سے استحکام پاکستان ریلی جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومت کی طرف سے عائد پابندی کے باوجود ممنوعہ بور اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا جس سے علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے لرزتا رہا۔ اس دوران سرگودھا بھلوال، اجنالہ روڈ پر ٹریفک کئی گھنٹے تک بلاک رہی یہاں تک کہ ایمولینس کو بھی راستہ نہ مل سکا، اس صورتحال میں حالات پر کنٹرول کیلئے عملی کردار ادا کرنے کی بجائے پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔ واضح رہے اس موقع پر تھانہ اربن ایریا اور تھانہ سیٹلائٹ ٹائون کے ایس ایچ اوز پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود تھے۔ انہیں اعلیٰ پولیس حکام نے مداخلت سے منع کر دیا، دوسری طرف نااہل سابق ایم پی اے ہوئی فائرنگ پر کارکنوں کے حوصلے بڑھاتے رہے جس سے فائرنگ کا سلسلہ طول پکڑتا گیا۔ اس موقع پر سرگودھا صدر ڈسٹرکٹ بار عنصر بلوچ سمیت (ن) لیگی عہدے داروں نے اپنی تقاریر کے دوران عدلیہ پر شدید تنقید کی، لیگی کارکن عدلیہ مخالف نعرے لگاتے رہے، جلسہ سے یہاں ہیوی سائونڈ سسٹم کا استعمال کیا گیا جن پر فحش اور جذبات کو بھڑکانے والے گانے چلتے رہے جس سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

ای پیپر-دی نیشن