حوثی باغی سعودی عرب کا امن تباہ کرنے کے کیلئے کوشاں ہیں: طاہر محمود اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)روضہ اطہر اور رسول اللہ ؐ کے جسد اطہر کے بارے میں افواہیں پھیلانے والے مکروہ لوگ ہیں، دنیا کی کوئی طاقت رسول اکرم ؐ کا روضہ اطہر شہید نہیں کرسکتی ، سعودی عرب کی حکومت کو بدنام کرنے کیلئے پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے،اسلام اور ارض الحرمین الشریفین کے دشمن سعودی عرب کو شام ، عراق بنانا چاہتے ہیں اور حوثی باغیوں کی سرپرست لابی کے عزائم ناکام ہوں گے، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے امن کو تباہ کرنے کیلئے حوثی باغی اور ان کے سرپرست کوشاں ہیں اور اب جبکہ ان کی سازشیں ناکام ہو رہی ہیں تو یہودی اور صفوی لابی نے مل کر ایسا پراپوگنڈہ شروع کر دیا ہے جس سے ہر مسلمان تشویش میں مبتلا ہو جائے ۔ سعودی عرب کی حکومت ، افواج اور عوام ارض الحرمین الشریفین ، مسجد نبوی ؐ اور بیت اللہ کی خدمت کیلئے ہر سطح پر کوشاں ہیں۔