تحریک منہاج القرآن قرآن و سنت کا علم دنیا میں عام کر رہی ہے: حسن محی الدین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے ویمن لیگ کے زیراہتمام منعقدہ، عرفان الہدایہ پراجیکٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن قرآن و سنت کا علم، امن، رواداری اور احترام آدمیت و تکریم انسانیت پر مبنی پیغام دنیا میں عام کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر نوجوان طلبہ و طالبات اسلام اور پاکستان کی آئیڈیالوجی پر ہونے والے مذموم حملوں کا دفاع بھی کریں اور اسلام کی سچی تعلیمات کے فرغ کے لیے اپنا اسلامی ملی کردار ادا کریں۔ عرفان الہدایہ پراجیکٹ کے حوالے سے ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرخ ناز، افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد نے بھی خطاب کیا اور انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام رمضان المبارک میں پاکستان کے تمام بڑے شروں میں الہدایہ پراجیکٹ کے تحت دروس قرآن کا اہتمام کیا گیاہے اور ان دروس میں بنیادی عقائد، امن پسندی اور رواداری پر مبنی موضوعات کو زیربحث لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق خواتین میں قرآنی علوم کو فروغ دینے کے لیے بطور خاص اس پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے خواتین میں قرآنی علوم کے فروغ کے لیے الہدایہ پراجیکٹ کے اجرا پر جملہ خواتین عہدیداران اور سکالرز کو مبارکباد دی۔