عمران زرداری ہرا نہ سکے چور دروازے سے نکلوا دیا‘ عوام ووٹ دیں اسمبلی نااہلی کا فیصلہ دیگی : نوازشریف
مانسہرہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور سے برہان اور برہان سے شاہ مقصود تک نیا پاکستان دیکھا، صبح صبح لاہور سے بائی روڈ روانہ ہوا، شاہ مقصود کے بعد حویلیاں اور پھر ایبٹ آباد مانسہرہ تک پرانا پاکستان دیکھا۔ یہ کہتے تھے نیا پاکستان اور خیبر پی کے بنائیں گے میں دائیں بائیں اور سامنے بھی دیکھتا رہا، نیا پاکستان نظر نہیں آیا۔ مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا خیبر پی کے شہباز شریف کے پاس (صفحہ 9بقیہ 10)
ہوتا تو نقشہ بدل چکا ہوتا۔ راستے میں جگہ جگہ گندگی اور کچرا دیکھا کیا نیا پاکستان بنانے کا نعرہ لگانے والوں کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ پنجاب میں جا کر دیکھو آپ کو نیا پاکستان نظر آئے گا جیسے ہی سندھ میں داخل ہو تو آپ کو پرانے پاکستان کی تصویر نظر آنا شروع ہو جاتی ہے۔ پاکستان کی تجارت کا مرکز ہزارہ اور مانسہرہ بننے والا ہے۔ سی پیک کو ہم لے کر آئے چین کا صدر 2013ء میں یہاں آنا چاہ رہا تھا لیکن انہوں نے 2014ء میں دھرنے کا ڈرامہ کیا، چین کے صدر نہ آ سکے۔ وعدہ کرتا ہوں ووٹ کو عزت دی تو خیبر پی کے کو نیا بنا دیں گے۔ مجھے تو فارغ کر دیا، نااہل قرار دیدیا گیا مجھے معلوم ہے آپ نے اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا ہزارہ موٹر وے اس لئے بنائی کہ آپ سے اور اس خطے سے محبت ہے۔ زرداری صاحب آپ کے ساتھ نواز شریف کا مقابلہ نہیں ہے۔ نہ زرداری نہ ہی عمران ہمیں شکست دے سکا۔ ہمیں چور دروازے سے نااہل کروایا۔ نواز شریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لی، اقامہ رکھا ہوا تھا۔ ویزا رکھا ہوا تھا بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، کہا گیا نواز شریف گھر جاﺅ چھٹی، عمران خان کو کہا گیا نہیں عمران تم معصوم اور بے قصور ہو، خود وہ آف شور کمپنیوں کا مالک اور لاکھوں پاﺅنڈ کی ٹرانزیکشن کی۔ اس فیصلے کو بدلنا چاہتے ہو تو ایک راستہ ہے نواز شریف دوبارہ اہل قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس قانون کو اسمبلی بدل دے گی۔ اس فیصلے کو بدلنے کیلئے عوام مجھے ووٹ دیں کیونکہ اس فیصلے کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ووٹ کو عزت دینے کا مطلب ہے پاکستان کو عزت دو۔ پاکستان چند لوگوںکی جاگیر نہیں 22 کروڑ عوام کا ملک ہے۔ بائیس کروڑ عوام کسی کے نوکر نہیں۔ میں نے گردن جھکانے سے انکار کیا ہے۔ موٹر وے دو تین ماہ میں ایبٹ آباد پہنچنے والی ہے۔ ووٹ دیا تو کوشش کروں گا مانسہرہ تک موٹر وے پہنچ جائے۔ ایسا لگ رہا ہے دسمبر کا جلسہ ہے کوئی دھوپ گرمی نہیں۔ مجھے بھی ٹھنڈی ہوا لگ رہی ہے لگتا ہے ٹھنڈی ہوائیں چلنے والی ہیں۔ انشاءاللہ مانسہرہ تک ریلوے لائن بچھائیں گے۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام نامراد ہوں گے۔ عمران اور زرداری کو شکست ہو گی۔ پیپلز پارٹی کے دور میں حاجیوں کو لوٹا گیا انہیں کوئی نہیں پوچھتا۔ بے گھر افراد کیلئے گھر کا پروگرام لائیں گے۔ عہد کریں آئندہ 70 سال رسوائی والے نہیں عزت والے سال ہوں گے۔ مانسہرہ والو آپ نے نواز شریف کا دل خوش کر دیا۔ نوازشریف نے کہا کہ 2018ءکے الیکشن میں ہمارا مقابلہ لاڈلے اور آصف زرداری سے نہیں الیکشن 2013ءکے مقابلے میں زیادہ ووٹ لیں گے اور کامیاب ہوں گے۔ سابق وزیراعظم نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاڈلے کی قسمت میں دھرنے دینا ہے انہیں قوم رد کرچکی ہے۔ میں مانسہرہ کے بھائیوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ اگر ووٹ کی عزت ہوئی تو پرانا بوسیدہ خیبر پی کے کی بجائے نیا بنائیں گے۔ میں نے جب بھی وعدہ کیا پورا کیا۔ پاکستان سے بجلی کا بحران ختم کیا‘ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا۔ نوازشریف نے کہا ہے نااہل نوازشریف دوبارہ اہل ہو سکتا ہے‘ جس قانون کے تحت نااہل کیا گیا اسے اسمبلی میں لاکر تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ ہم ایسا پروگرام لے کر آئیں گے جس سے عوام اپنے گھر کی مالک ہوگی‘ عوام کو ہفتوں میں انصاف ملے گا اور عوام تک باعزت روزگار بھی پہنچائیں گے۔ سابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف کو مبارکباد دی اور کہا کہ سابقہ دور میں وزارت مذہبی امور میں کرپشن ہوئی لیکن آپ کی پرفارمنس اچھی ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ خیبر پی کے اگر شہبازشریف کے پاس ہوتا تو اس کا نقشہ بدل چکا ہوتا‘ ایک لاڈلے کو چور دروازے سے اقتدار دینے کیلئے مجھے نااہل کرایا گیا‘ ووٹ کو عزت نہ دینے والی قوتوں کو شرمناک شکست دینگے۔ کچھ لوگ ہاتھ دھوکر پیچھے پڑے ہیں۔ مجھے گرفتار کرکے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ جس سے عوام محبت کریں وہ اس سے نفرت کرتے ہیں‘ نااہلی کا فیصلہ اسمبلی سے ختم کرائیںگے۔ سندھ اور خیبر پی کے پرانے پاکستان کی تصویر ہیں۔ ووٹ کو عزت ہوئی تو خیبر پی کے میں بھی نیا پاکستان ہو گا۔
نوازشریف