• news

فیصل آباد : جائیداد کا تنازعہ‘ بھابھی کمسن بھتیجے‘ بھتیجی کو قتل کر دیا‘ ملزم فرار

فیصل آباد/ہری پور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران) جائیداد کے تنازعے پر مشتعل بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ‘ بھابھی‘ تین سالہ بھتیجا اور چھ سالہ بھتیجی سمیت چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا‘ واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا‘ ایک ہی خاندان کے چار افراد کی اپنے ہی گھر کے فرد کے ہاتھوں قتل پر علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملت روڈ سے چنیوٹ کی طرف واقعہ چک سیدن میں ملزم ریاض کا اپنے والد اور دیگر اہلخانہ سے جائیداد کے معاملے پر جھگڑا چل رہا تھا کہ ناخلف بیٹے نے مشتعل ہو کر اندھادھند فائرنگ کرکے اپنے والد 65سالہ شفیع کو قتل کر دیا‘ اسی اثناءملزم بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی فرید کی بیوی 35سالہ پروین‘ اس کے تین سالہ بیٹے رحمان اور چھ سالہ بیٹی مقدس کو بھی فائرنگ کرکے قتل کر دیا‘ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا‘ تاہم سی پی او اطہر اسماعیل امجد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی‘ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کےلئے الائیڈ ہسپتال کے مارچری یونٹ میں منتقل کر دیا ہے‘ تاہم پولیس ملزم کی گرفتاری کےلئے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے ‘ تاحال ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔ ہری پور سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ خانپور کی چوکی پنڈمنیم کی حدودموضع قطبہ میں تین معصوم بچیوں کو ماں سمیت زہر دے کر قتل کردیاگیا، چوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات پر پورے علاقہ کی فضا سوگوار ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور تھانہ خانپور کی چوکی پنڈ منیم کی حدود قطبہ کے رہائشی مختلف مقدمات میں تھانہ سٹی اور تھانہ خانپورکو مطلوب شفاقت عرف کنوا کی اہلیہ اور تین بچیاں گھر میں اکیلی تھیں کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے چاروں کو زہر دے کر قتل کر دیا۔ قتل ہونے والوں میںصدف اختر زوجہ شفاقت عمر 45 سال، ایمان شہزادی دختر شفاقت عمر 9 سال، ذرکہ شہزادی دختر شفاقت زمان عمر 7 سال زینب شہزادی عمر 5 سال دختران شفاقت زمان ولد چنن دین سکنہ قطبہ شامل ہیں۔ شفاقت زمان نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اور یہ اس کی پہلی بیوی تھیں شفاقت کے خلاف تھانہ خانپور میں چیک ڈس آنر کا مقدمہ درج ہے جس میں وہ کافی عرصہ سے مفرور ہے۔ گزشتہ رات اس کے گھر میں نامعلوم افراد نے گھس کر اس کے بیوی بچوں کو رسیوں سے باندھ کر انھیں زہریلا جوس پلایا جس سے ان کی اموات واقع ہوئیں۔ پولیس کو نعشوں کے پاس سے جوس کے خالی ڈبے ملے ہیں جنہیں قبضہ میں لے لیا گیا۔ خان پور پولیس نے بچیوں کے چچا کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
فیصل آباد/ قتل

ای پیپر-دی نیشن