سپر کبڈی لیگ: ساہیوال بلز‘ کراچی زور آور ز نے حریف ٹیموں کو ہرا دیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں روز ساہیوال بلز اور کراچی زور آور نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست دیدی۔ پہلے میچ میں ساہیوال بلز نے گوادر بہادرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی جبکہ کراچی زور آور نے لاہور تھنڈرز کو باآسانی شکست دی۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں جاری مقابلوں میں اتوار کے روز ہونے والے پہلے مقابلے میں ساہیوال بلز نے گوادر بہادرز کو 34 کے مقابلے میں 36 پوائنٹس سے مات دی۔ ساہیوال ٹیم کے کھلاڑی کامیابی کے ساتھ ہی میدان میں سجدہ ریز ہو گئے اور خوب جشن منایا۔ سپر کبڈی لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی زور آور نے لاہور تھنڈرز ٹیم کو باآسانی شکست دی۔ اس میچ میں کراچی زور آور ٹیم نے لاہور کو 32 کے مقابلے میں 51 پوائنٹس سے ہرایا۔ سپر کبڈی لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حیدر علی داؤد کا کہنا تھا کہ سپر کبڈی لیگ کے ذریعے بہترین کھیلوں کی سرگرمیاں مہیا کی جا رہی ہیں۔ اس لیگ کا ایک اہم مقصد رواں سال ہونے والے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے لیے قومی کھلاڑیوں کو پریکٹس مہیا کرنا بھی ہے جس میں ہم کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کا لیگ کی کامیابی میں بڑا اہم کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں اس لیگ سے کھلاڑیوں کو مقابلوں کی ایک اچھی فضا مل رہی ہے وہیں پر آفیشلز کے تجربہ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپر کبڈی لیگ دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جس کی وجہ سے میگا ایونٹ میں شریک تمام فرنچائزرز کی دلچسپی میں اضافہ ہو گیا ہے۔