• news

6 ملکی ٹورنا منٹ‘ ایشین ہاکی فیڈریشن کا پاکستان کو این او سی جاری

لاہور(سپورٹس ڈیسک) ایشین ہاکی فیڈریشن نے6 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے پاکستان میں انعقادکے لیے این او سی جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اے ایچ ایف کو تحریری طور پر آگاہ کیاکہ موجودہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے پاکستان میں امن وامان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ملک میں پاکستان سپر لیگ، سکواش اور دیگر انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوچکا ہے، لہٰذا ایشین ہاکی فیڈریشن کے ساتھ منسلک ہاکی کی فیڈریشن کو پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کے میچز کھیلنے کی اجازت اور این او سی جاری کیا جائے تاکہ میگا ایونٹ کے انعقادکو یقینی بنایا جاسکے۔ایشین ہاکی فیڈریشن کے ایونٹ ڈائریکٹر نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کہاکہ 6 ملکی انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ کے لیے بھر پوراندازمیں آرگنائز کرنے کیلئے این اوسی جاری کردیا ہے اورکہاکہ انٹرنیشنل ایونٹ کے پاکستان میں کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائیگا، ریفری اور ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔افغانستان، سری لنکا، قازقستان، اومان، ترکی کی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان میں منعقد ہونے والے ایونٹ میں شرکت کیلئے آمادگی کا اظہارکردیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئرخالد سجاد کھوکھر نے کہاکہ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کے ایونٹس کوآرگنائز کرنے کیلئے ہدف طے کرلیا ہے، وزیر اعظم پاکستان و ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن ان چیف شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل آصف باجوہ سے ملاقات کے دوران میں ہاکی کی ترقی کیلئے بات چیت کی تھی۔ انھوں نے کہاکہ انٹرنیشنل ایونٹ میں شریک غیرملکی ہاکی ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی اورآرمی ہاکی سٹیڈیم اورشہنازشیخ ہاکی سٹیڈیم میں میچز آرگنائز کیے جائیں گے۔ راوں برس مزید ٹیموں کوبھی پاکستان آنے کی دعوت دی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن