• news

دماغ میں خلل آنے سے بھی خلائی مخلوق نظر آنے کا وہم ہو جاتا ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ دماغ میں خلل آنے سے بھی خلائی مخلوق نظر آنے کا وہم ہو جاتا ہے۔حالت نزع کے مریض کو جو نظر آتا ہے وہ آس پاس کھڑے افراد نہیں دیکھ پاتے۔ کرپشن کنگز کو نظر آ رہا ہے کہ کرپشن کیسز کے فیصلے اور سزائیں یقینی ہیں اور وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ انجام کے قریب ہورہے ہیں،دولت ،سازش،کرپشن اور گٹھ جوڑ کی منفی سیاست اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے ۔خلائی مخلوق نہیں پہلی بار احتساب اور انصاف کے اداروں نے آئین و قانون کے مطابق بالادست طبقے کی گرفت کا آغاز کیاہے۔ماڈل ٹائون کے قاتلوں کا تڑپنا اور بلکنا بلا جواز نہیں ہے۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سنیئر رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ قوم کی نظریں سانحہ ماڈل ٹائون اورکرپشن کیسز کے فیصلوں پر ہیں اگر ا س بار طاقتوروں کا محاسبہ ہو گیا تو پھر قیامت تک کیلئے کوئی شخص ملکی وسائل کو شیر مادر کی طرح ہڑپ کرنے کی جرأت نہیں کر سکے گا۔انہوں نے کہاکہ لوٹ مار کی دولت کے سہارے پر ووٹ کو عزت دو کی ڈرامہ بازی جاری ہے لیکن اس ڈرامے کی عمر زیادہ نہیں عوام جانتے ہیں کہ یہ وہی ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے کروڑوں غریب عوام کے بچوں کو تعلیم،صحت،صاف پانی کی بنیادی سہولت سے محروم رکھا اور غریب اور کمزور طبقات کی زندگیوں میں زہر گھولا، سیاست کو کاروبار میں تبدیل کیا۔

ای پیپر-دی نیشن