• news

عرس لعل شہباز، مزید 6 زائرین گرمی سے جاں بحق، 200 مشتبہ افراد گرفتار

سیہون شریف (نامہ نگار)ٖحضرت قلندر لعل شہباز کے عرس مبارک کو دوسرے روز شدید گرمی اور حبس کے باعث پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزید 6 زائرین جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں جھنگ کے رہائشی 50سالہ محمد مرید خان، وہاڑی کے رہائشی قاسم علی، فیصل آباد کے رہائشی محمد اشرف اور سید ساجد علی چیچہ وطنی کے رہائشی محمد اقبال اور کراچی کے رہائشی عبدالغفار تھیم شامل ہیں۔ عرس مبارک کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9ہوگئی ہے ۔سید عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے بتایا ہے کہ ہیٹ سٹروک یا گرمی لگنے کی وجہ سے کوئی فوتگی نہیں ہوئی ہے تمام اموات مختلف بیماریوں اور ہارٹ اٹیک کی وجہ سے واقع ہوئی ہیں۔ صوبائی وزیراطلاعات و نشریات سید ناصر حسین شاہ نے گذشتہ روز سیہون شریف پہنچ کر مزار حضرت لعل شہباز قلندر پر حاضری دی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے موقع پر ہیٹ سٹروک یا گرمی کے باعث کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ سیہون سے نامہ نگار کے مطابق حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس مبارک کی تقریبات جاری۔ پولیس نے200 مشکوک افرادسمیت دو سو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ شدید گرمی میں لاکھوں زائریں درگاہ قلندر پر شدید گرمی میں ننگے پائوں دھمال ڈالتے ہوئے حاضری دیکر عقیدت کے پھول نچھاور کر رہے ہیں شہر میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ سیہون میں سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دئیے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن