گڑھی شاہو: گیس پائپ لائن پھٹنے سے زوردار دھماکہ، عمارتوں کے شیشے ٹوٹنے سے2 افراد زخمی، علاقہ میں شدید خوف و ہراس
لاہور (نامہ نگار) گڑھی شاہو کے علاقہ طارق روڈ پر گیس پائپ لائن زور دار دھماکے سے پھٹنے کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جس سے 2 افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق گڑھی شاہو کے علاقہ طارق روڈ پر گیس پائپ لائن زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔جس سے ایک گھر کے سامنے تھڑے کی ٹائلیں اکھڑ کر دور جا گریں اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ 2 افراد معمولی زخمی ہوئے اور لیکیج شروع ہو گئی۔ دھماکہ کی آواز اتنی زوردار تھی کہ دور تک سنائی دی گئی جس سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی رہائشیوں کے بار بار اطلاع کرنے کے باوجود محکمہ سوئی گیس کاعملہ ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے پہنچا اور لیکیج پر قابو پایا۔