مسئلہ کشمیر قراردادوں کے مطابق حل ہوگا :ظفر الحق ، اقوام متحدہ کردار ادا کرے : صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد (اے پی پی) قائد ایوان سینٹ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل پر متفق ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان، آزاد جموں وکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی قیادت اکٹھے بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کے حل کا موجودہ صورتحال کے مطابق جائز ہ لے کر لائحہ عمل اختیار کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام دو روزہ کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطابق حل ہوگااور اس پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔ مسئلہ کشمیر میں کشمیری پہلی پارٹی ہیں ،مسئلہ کشمیر انڈیا اور پاکستان کا باہمی مسئلہ نہیں ہے بلکہ سہ ملکی مسئلہ ہے اور مسئلے کا حل کشمیریوں نے اپنی امنگوں کے مطابق کرنا ہے۔ نوجوان نسل نے جس طرح جدوجہد آزادی کو جاری رکھا ہوا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی اور کشمیر انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل ریلیشنز نے بھی ہر اہم فورم پر مسئلہ کشمیر کو جس طرح اجاگرکیا ہے وہ خراج تحسین کے قابل ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود نے کہا بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہیں ،کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں دہشتگردی کا شکار ہورہے ہیں۔ پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ڈائیلا گ کے ذریعہ تینوں پارٹیاں حل کریں مگر انڈیا نے قتل وغارت اور زبردستی کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل اور جنرل اسمبلی مثبت کرداراداکریں۔ سیمینار سے کشمیر انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین وسپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ،امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی ،کنونیئر آل حریت کانفرنس فیض نقشبندی وایگزیکٹو ڈائریکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ نے بھی خطاب کرتے ہوئے ادارہ کی 25سالہ کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔