چیف جسٹس حکومتوں کی کارکردگی پر کمیٹی بنائیں‘ چیلنج کرتا ہوں ہم نے خیبر پی کے میں سب سے زیادہ کام کیا : عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) عمران خان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہم پاکستان کا ہیلتھ سسٹم بدلیں گے۔ عوام کا سب سے بڑا ایشو تعلیم کے بعد صحت ہے۔ چیف جسٹس نے ہمارے ہسپتالوں کا نوٹس لیا ہے۔ ہم چیف جسٹس کو ویلکم کرتے ہیں۔ چیف جسٹس کو کہوں گا غیرجانبدار ماہرین کی کمیٹی بنائیں۔ چیف جسٹس وہ کام کر رہے ہیں جو حکومت کو کرنا چاہئے تھا۔ چاہتا ہوں پتہ چلے خیبر پی کے حکومت نے عوام کیلئے کام کیا ہے۔ چالیس سال میں کسی نے خیبر پی کے ہسپتالوں میں ریفارمز نہیں کیں‘ لوگ بار بار پوچھتے ہیں کہ خیبر پی کے میں پی ٹی آئی حکومت نے کیا کیا؟ چیف جسٹس کمیٹی بنائیں تاکہ پتہ لگے کس حکومت نے کیا کام کیا‘ پیسے والے علاج کیلئے باہر جاتے ہیں۔ چیف جسٹس خیبر پی کے ہسپتالوں میں گئے ہیں‘ ڈاکٹر برکی اپنا پیسہ خرچ کرکے پاکستان آتے ہیں اور یہاں لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت خیبر پی کے کو کسلٹینسی دیتے ہیں‘ چیلنج کرتا ہوں40سال میں خیبر پی کے میں وہ کام نہیں ہوا جو پی ٹی آئی نے کیا۔ پنجاب میں ایک بھی سرکاری ہسپتال ٹھیک نہیں ہوا۔ ہارٹ سرجن ڈاکٹر ریاض انور کو ہٹایا گیا تو وہ پشاور ہائیکورٹ سے 6ماہ کا سٹے آرڈر لے آئے جبکہ ان کی سرکردگی میں چلنے والے ڈیپارٹمنٹ میں اموات کی شرح 232فیصد ہے جبکہ پوری دنیا میں یہ شرح ایک فیصد ہے۔ ایک ینگ ڈاکٹر ہیں جن کی ڈگری متنازعہ ہے وہ بھی 6ماہ کا سٹے آرڈر لے کر آ گیا اور دوسرے ینگ ڈاکٹرز کو بھڑکا کر حکومت کی صحت اصلاحات کیخلاف تحریر چلا رہا ہے۔ اس وقت بیرون ملک سے 30ڈاکٹر خیبر پی کے واپس آئے ہیں۔ اگر کسی ڈاکٹر کو اس کی ناقص کارکردگی پر ہٹایا جائے تو حکم امتناعی لے آتے ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ خیبر پی کے میں 70فیصد خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے ہیں۔ پرانے نظام میں ڈاکٹرز پیسہ بنا رہے تھے اس نظام کیخلاف لڑ رہے ہیں۔ پاکستان میں کوئی بھی ہسپتال شوکت خانم کے برابر نہیں ہے۔ چیف جسٹس موازنہ کریں کہ کس صوبے میں بہتر کام ہوا ہے۔ خیبر پی کے ہسپتال 5سال پہلے معیار میںکہاں پر تھے اور آج کہاں پر ہیں۔ چیف جسٹس خیبر پی کے میں پولیس‘ سکولوں اور ہسپتالوں کا نظام دیکھیں۔ نوازشریف جہاں جاتے ہیں موٹر وے بنانے کا اعلان کرتے ہیں‘ سڑکیں بنانے سے قومیں نہیں بنتیں۔ پندرہ نئے ہسپتال بن چکے ہیں جبکہ 15 زیرتعمیر ہیں۔ خیبر پی کے 27نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں وفاقی حکومت نے برن یونٹ کیلئے تعاون نہیں کیا۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف سمجھتے ہیں کہ سڑکیں اور پل بنانے سے حالات بہتر ہوتے ہیں، اگر ایسا ہے تو بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض کو وزیراعظم بنادو، وہ آدھے پسیوں میں اور زیادہ بہتر کوالٹی کی چیزیں بناتا ہے ، قومیں تعلیم اور صحت پر زور دیتی ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ تمام ہسپتال بہتر ہوگئے ہیں۔
عمران