ملک میں عدم برداشت کے کلچر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے: ظفرالحق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ ملک میں عدم برداشت کے کلچر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے اور انتہا پسند رویوں کے ذریعے سیاسی عمل کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملہ سیاسی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے اور تمام مکاتب فکر کو مل کر دہشت گردوں کی ان کارروائیوں کی بھرپور مذمت اور عدم برداشت کے کلچر کے خاتمے کیلئے منظم اقدامات کرنا ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ بروقت انتخابات اور جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے سیاسی ماحول کا سازگار ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم انتہا پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کی بھر پور مخالف ہے۔
ظفرالحق