آنے والے عام انتخابات میں میدان ہمارے لئے صاف ہے: اسفند یار
پشاور(بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ غیر فطری لکیریں قوموں کو تقسیم نہیں کر سکتیں فاٹا کو آئندہ الیکشن سے قبل صوبے میں ضم کر کے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اور آئینی ترمیم کے ذریعے انہیں صوبائی کابینہ میں بھی حصہ دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز پشاور میں جشن خیبر پی کے کے سلسلے میں ایک پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی، مرکزی ترجمان زاہد خان ، مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین ، بشیر احمد مٹہ ، افراسیاب خٹک ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ، اسفندیار ولی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اے این پی نے خطے میں امن کے قیام اور صوبے کی شناخت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں‘ نواز شریف ایک بار ولی خان بابا سے وعدہ کر کے مکر گئے تو انہیں جدہ بھاگنا پڑا تھا اور جب انہوں نے فاٹا پر قوم سے کیا گیا وعدہ پورا نہ کیا تو انہیں پختونوں کی آہوں نے آ لیا ،انہوں نے کہا کہ باجوڑ سے ژوب تک سڑک تعمیر کی جائے اور تمام قبائلی علاقوں کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے اس سے منسلک کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ ہمارے سینوں پر انگریز کی کھینچی گئی لکیر مزید برداشت نہیں کی جا سکتی آئندہ انتخابات سے قبل الیکشن کمشن کو حکم دیا جائے کہ قبائلی علاقوں میں اسمبلی کی نشستوں کا تعین کیا جائے اور اگر ایسا نہ ہوا تو اے این پی بھرپور احتجاج کا حق رکھتی ہے ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد شمالی اور جنوبی پختونخوا کے پختونوں کے اتحاد کیلئےءکوششیں کریں گے اور پختونوں کی ایک وحدت قائم کریں گے،حالیہ صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے بعض مطالبات تسلیم کرنے میں کوئی قباحت نہیں،لیکن مرکزی حکومت اس میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے،انہوں نے کہا کہ آنے والا دور انتہائی نازک ہے اور عوام صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے الیکشن کی تیاریاں کریں، آنے والے الیکشن میں میدان ہمارے لئے صاف ہے۔ قبل ازیں اس موقع پر ٹاو¿ن فور سے پی ٹی آئی لیبر ونگ کے چیئرمین صلاح الدین مومند کی قیادت میں حاجی نیاز محمد ، فیض اللہ اور دیگر کئی اہم سرکردہ شخصیات نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو سرخ توپیاں پہنائیں اور باچا خان کے قافلے میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ۔جبکہ باضابطہ شمولیت ایک بڑے جلسہ عام میں کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
اسفند یار ولی