• news

آل پاکستان ٹینس چیمپئن شپ میں بارش نے 18 سال سے ناقابل شکست عقیل خان کو شکست سے بچا لیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایس این جی پی ایل آل پاکستان ٹینس چیمپئن شپ میں بارش نے 18 سال سے ناقابل شکست عقیل خان کو شکست سے بچا لیا۔ بارش سے قبل محمد عابد نے عقیل خان کے خلاف پہلا سیٹ 6-3 سے جیتا تھا جبکہ دوسرے سیٹ میں بارش جب آئی تو محمد عابد کو 4-2 کی برتری حاصل تھی۔ کورٹ گیلا ہونے کی وجہ پر ٹورنامنٹ ریفری عارف قریشی اور ٹورنامنٹ کمیٹی نے کھلاڑیوں کی رائے سے دونوں میں انعامی رقم شیئر کردی۔ محمد عابد کو انعامی رقم کا 60 فیصد جبکہ عقیل خان کو 40 فیصد دیا گیا۔ ادھر لیڈیز ٹائٹل سارہ محبوب نے جیت لیا، فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد زیڈ ٹی بی ایل کی نور ملک کوشکست 6-2, 6-1 سے ہرا دیا۔ سوئی گیس کے انڈر 18 کے فائنل میں محمد شعیب نے ثاقب حیات کو دلچسپ مقابلے کے بعد6-3, 6-3 سے ہرا کر ڈبل کراﺅن حاصل کرلیا۔ انڈر 14 کے فائنل میں حامد اسرار نے عزیر خان کو دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد 6-1,3-6, 6-4 سے ہرا کر اس ٹورنامنٹ میں تیسرا ٹائٹل جیت لیا۔ گرلز انڈر 18 کے فائنل میں شمزہ طاہر نے ماہا سید کو 6-3, 6-0 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔انڈر 12 ڈبلز کے فائنل میں بلال عاصم اور شاہیل طاہر نے احتشام ہمایوں اور حمزہ رومان کو تین گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد 7-6, 4-6, 10-7 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ انڈر 10 کے فائنل میں پشاور کے حمزہ رومان نے لاہور کے احتشام ہمایوں کو 8-3 سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔سینئر 40 کے ڈبل میں گیس اینڈ آئل کے طلحہ وحید اور میجر (ر) عدنان نے حسن سید اور محمد خالق کو 6-2, 6-4 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ 50 پلس کے فائنل میں عارف فیروز اور محمد خالد نے نثار وقار اور میاں عامر الطاف کو 6-3, 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ 60 پلس کے فائنل میں بابر احمد اور بریگیڈیئر (ر) غضنفر نے میجر(ر) سید اکرام اور مبین ملک کو 6-1, 6-1 سے ہرا کر فائنل جیت لیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایم ڈی ایس این جی پی ایل عامر طفیل تھے۔ اس موقع پر سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے سپورٹس سیل کے صدر سہیل احمد گلزار، جنرل سیکرٹری اشرف ندیم، سپورٹس آفیسر محمد ہارون اور سیکرٹری پنجاب ٹینس رشید ملک،چیف ریفری عارف قریشی، فہیم صدیقی اور دیگر کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ٹورنامنٹ میں 5 لاکھ 50 ہزار کی رقم 15 ایونٹس میں تقسیم کی گئی۔


انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ 100 سے زائد خواتین باکسرز بھی ٹرائلز میں شریک
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب میںانٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کے حوالے سے اہم اجلاس پیرکے روز ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن شرجیل ضیاءبٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، بین الاقوامی ریفری ارشد جاوید قریشی، اقبال شاہد، طارق گجر، سپورٹس بورڈ پنجاب کے سکیورٹی ہیڈ کرنل (ر) شبیر حسین اور دیگر نے شرکت کی، سیکرٹری پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن شرجیل ضیاءبٹ نے اجلاس کو بتایا کہ انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کے ٹرائلز سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام مکمل ہوگئے ہیں، خوش آئند پہلو یہ ہے کہ ٹرائلز میں 100سے زائد خواتین باکسرز نے بھی حصہ لیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین میں بھی باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے، شرجیل ضیاءبٹ نے مزید کہا کہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سرپرستی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے دو روزہ ٹرائلز کے لئے بہترین انتظامات کئے ، ٹرائلز اے آئی بی اے سٹینڈرڈ کے2 باکسنگ رنگز میں ہوئے جو کہ ملک کی باکسنگ کی تارخ میں پہلی بار ہوا ہے، اس موقع پر مرد اور خاتون ڈاکٹر زکی سہولت بھی فراہم کی گئی، ٹرائلز میں اٹک سے صادق آباد تک کے سیکڑوں باکسرز نے حصہ لیا، یہ ایک تاریخ رقم ہوئی کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں سے بھی باکسرز کی بڑی تعداد ٹرائلز میں شریک ہوئی، شرجیل ضیاءبٹ نے مزید کہا کہ ٹرائلز میں جیوری نے باکسرز کا انتخاب مکمل میرٹ پر کیا ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا انٹرڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئین شپ میں نوجوان باکسرزکو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کامیاب باکسرز کےلئے لاکھوں روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں، چیمپئین شپ12سے15مئی تک نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں ہو گی جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن