• news

سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی کا اجلاس، سالانہ کیلنڈر پیش کیا گیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی کا اجلاس نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان ، ہیڈ آف کرکٹ کوچنگ اکیڈیمز ظہیر عباس، ڈاکٹر عمر سیف، ایم پی اے فرزانہ بٹ، اویس اکبر،سابق ہاکی اولمپیئن اختر رسول، سیکرٹری فنانس، آئی جی پنجاب کے نمائندوں و دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے 2018-19کا سالانہ سپورٹس کیلنڈر پیش کیاجس پر تفصیلی غور کیا گیا، سیکرٹری سپورٹس محمد عامر جان نے جنرل باڈی کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے مکمل کئے گئے منصو بہ جات اور آئندہ کے منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،انہوں نے بتایا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کے ہر ضلع و تحصیل میں نوجوانوں کو کھیلوں کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے درجنوں سپورٹس منصوبے مکمل کرلئے ہیں جبکہ چند پر کام تیزی سے جاری ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے نوجوان سہولتوں سے مستفید ہورہے ہیں اور گراﺅنڈز کھلاڑیوں سے آباد ہوچکے ہیں، کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے کیمپ بھی لگائے ہیں جس میں ماہر کوچز نے کھلاڑیوں کو تربیت دے کر ان کے کھیل کو مزید نکھار دیا ہے۔اجلاس میں ظہیر عباس کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا ،12سے15مئی تک منعقد ہونے والی انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ کے حوالے سے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

کہ چیمپئن شپ نوجوان باکسرز کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی اوران کی حوصلہ افزائی ہوگی، اجلاس میں گوجرانوالہ میں میٹ ریسلنگ کی سہولت فراہم کرنے کے بارے میں بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے دورحکومت میں سپورٹس کیلئے جتنا کام کیا ہے اتنا ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوا، کھیلوں کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب راغب کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، ہمارے نوجوانوں نے قائداعظم گیمز اور بین الصوبائی گیمز میں فتح کے جھنڈے گاڑے ہیں، اس کے علاوہ نوجوان کھلاڑیوں نے عالمی ٹائیٹلز بھی جیتے ہیں، پنجاب حکومت سپورٹس میں اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے، اس کے علاوہ پنجاب میں سپورٹس کا جدید انفراسٹرکچر قائم کردیا گیا ہے جس سے کھلاڑی استعفادہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے فروغ اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے کام جاری رکھیں گے تاکہ سپورٹس کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو۔

ای پیپر-دی نیشن