واپڈا نے تیسری نیشنل روڈ مینز سائیکلنگ چیمپئن شپ جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) واپڈا نے تیسری نیشنل روڈ مینز سائیکلنگ چیمپئن شپ 2018ءجیت لی ہے۔ پشاور میں 4سے 6 مئی تک منعقد ہونے والی تین روزہ چیمپئن شپ میں واپڈا نے 116 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، آرمی 68 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی 52 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہی۔ واپڈا کے عزت اللہ کو چیمپئن شپ کا بہترین سائیکلسٹ قرار دیا گیا۔ چیمپئن شپ کے مینز مقابلوں میں 56 کلومیٹر کرائی ٹیرم ریس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے وحید نے سونے کا تمغہ، واپڈا کے نثار احمد نے چاندی جبکہ آرمی کے ارسلان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 98 کلو میٹر روڈ ریس مین کے مقابلوں میں واپڈا کے عزت اللہ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا، آرمی کے عباس نے چاندی جبکہ واپڈا کے حافظ طاہر نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ 70 کلو میٹر ٹیم ٹائم ٹرائل مین کے مقابلوں میں واپڈا نے سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ آرمی اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کئے۔ 42 کلو میٹر انفرادی ٹائم ٹرائل مین کے مقابلوں میںواپڈاکے نجیب اللہ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا، آرمی کے ارسلان نے چاندی جبکہ واپڈا کے عزت اللہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ نیشنل ویمن روڈ چیمپئن شپ میں آرمی 137 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں رہی، واپڈا نے 50 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ پنجاب 30پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ 28 کلو میٹر انفرادی ٹائم ٹرائل ویمن کے مقابلوں میں آرمی کی صبیحہ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
، سوئی سدرن کی راجیہ نے چاندی جبکہ آرمی ہی کی رضیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 28 کلو میٹر کرائی ٹیرم ریس ویمن میں تینوں پوزیشنز آرمی نے اپنے نام کر لیں، جس میںصبیحہ نے سونے، ندا نے چاندی اور بختاور نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 42 کلو میٹر ٹیم ٹائم ٹرائل ویمن کے مقابلوں میں آرمی نے سونے، واپڈا نے چاندی جبکہ پنجاب نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ 56کلو میٹر روڈ ریس ویمن مقابلوں میں آرمی کی صبیحہ اور رضیہ نے بالترتیب سونے اور چاندی جبکہ سوئی سدرن کی راجیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے کامیاب ہونے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔ چیمپئن شپ میں 8 ٹیموں نے شرکت کی جن میں واپڈا، آرمی، سوئی سدرن گیس کمپنی، بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل تھیں۔