• news

عمران اور الطاف میں کوئی فرق نہیں پی ٹی آئی متحدہ کی بی ٹیم ہے: سعید غنی

کراچی(آئی این پی) پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر وصوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جان بوجھ کر شہر کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے ، بنا کسی درخواست اور اجازت کے کس طرح گلشن اقبال میں جلسہ ممکن ہے، پی ٹی آئی کے رہنما صرف کیمپ لگانے پر اپنا قبضہ اور غنڈہ گردی کے عوض جلسہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ پی ٹی آئی ایم کیو ایم کی بی ٹیم ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ایم پی اے جاوید ناگوری، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، نجمی عالم اور سعدیہ جاوید بھی موجود تھیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی شہرمیں بے چینی کی صورت حال پیدا کررہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے گلشن اقبال میں جلسہ سے قبل ڈپٹی کمشنر شرقی سے جلسے جلوسوں کے حوالے سے تفصیلات لے کر جمعہ کے روز درخواست جمع کروائیں۔ جبکہ پی ٹی آئی نے 4مئی کو سوشل میڈیاپر آفشیل طریقے سے مزار قائد وی آئی پی گیٹ پر جلسہ منعقد کیا جو مقامی ٹی وی چینلز نے ٹیکرز بھی چلائے۔ جلسہ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی سے جب فون پر بات ہوئی تو انہوں نے ہماری ساری چیزیں قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے رات کو یہ فیصلہ کیا ہے کہ جلسہ پیپلز پارٹی والے مقام پر ہوگا اور جس طرح جلسہ کے مقام پر ہمارا قبضہ اور کیمپ قائم ہے تو جلسہ کا اختیار بھی ہمارا ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت میں رہنے کے باوجود لیاقت آباد جلسہ اور گلشن اقبال جلسے میں قانونی تقاضے پورے کررہی ہے۔ پی ٹی آئی کے لوگ ایم کیو ایم کے اشاروں پر چلتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ 12مئی کا جلسہ لیاقت آباد سے بڑا جلسہ ہوگا اور اسی دن عمران خان کا بھی جلسہ ہے جس میں اگر عوام کی شرکت نہ ہوئی تو عمران خان اپنی کراچی تنظیم کی چھٹی کردیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور الطاف حسین میں کوئی فرق نہیں دونوں شہر میں دہشت گردی اور غندہ گردی کی سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قبل ایم کیو ایم کے میئر وسیم اختر کیلئے فردوس شمیم نقوی ووٹ مانگتے رہے اور ڈی ایم سی ویسٹ کے چیئرمین کیلئے انہوں نے قرآن پر حلف اٹھانے کے باوجود ایم کیو ایم کو ووٹ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی تشہیر کیلئے کراچی میں یہ سب ڈرامہ رچا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن