افغانستان میں اتحادی افواج کی بمباری، 42 جنگجو ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخائر تباہ
کابل (صباح نیوز) افغانستان میں اتحادی افواج کی بمباری میں 42 جنگجو ہلاک جب کہ 24 زخمی ہوگئے ہیں۔ افغانستان کی وزارت داخلہ کے مطابق افغانستان میں اتحادی افواج نے فضائی بمباری میں طالبان اور داعش جنگجووں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 42 جنگجو ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے ہیں جب کہ اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر کو بھی تباہ کردیا گیا۔ فضائی کارروائی افغان نیشنل آرمی، افغان ایئرفورس اور نیٹو افواج نے مشترکہ طور پر کی۔افغانستان کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائیوں کے دوران صوبہ ارزگان میں 18، قندھار کے ضلع معروف میں 9، ضلع فریاب میں 3اور شمالی صوبے زابل میں 10دہشت گرد مارے گئے جب کے اسلحے اور گولہ بارود کے ذخیرے تباہ کر دیئے گئے۔ بری فوج نے علاقے کو کلیئر کروا لیا ہے۔واضح رہے کہ طالبان نے ایک ماہ قبل اپنے سالانہ آپریشن الخندق میں اتحادی افواج کے ٹھکانوں اور اہلکاروں کو ہدف بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اتحادی فوجوں کی کارروائی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کے دو روز قبل طالبان جنگجووں نے افغانستان کے ضلع کوہستان میں گھمسان کی جنگ کے بعد اتحادی فوج کو شکست دے کر قبضہ کرلیا ہے۔