جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بعض شرائط کے ساتھ تحریک انصاف میں شمولیت کو تیار
اسلام آباد (نیشن رپورٹ +آئی این پی+نوائے وقت نیوز) تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب محاذ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے‘ جنوبی پنجاب محاذ کے سربراہ تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان (آج) بدھ کو کریں گے۔ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے درمیان کافی دنوں سے میٹنگز چل رہی تھیں۔ اس سے قبل بھی عمران خان نے کہا تھا ہمیں اتحاد نہیں چاہئے، یہ لوگ باقاعدہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں۔ (آج) بدھ کو باقاعدہ طور پر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے سربراہ تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب محاذ پی ٹی آئی میں ضم ہو جائیگی۔ جنوبی پنجاب محاذ کے رہنما پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے انتخاب لڑیں گے۔ ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا جنوبی پنجاب محاذ کے اٹھارہ سے زائد ارکان اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ پاکستانی اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لئے۔ عمران خان یہ واضح واضح کرچکے ہیں ہم جنوبی پنجاب کو ایک علیحدہ صوبہ بنانے کی تائید کرتے ہیں۔ عمران خان کے پیش کردہ گیارہ نکات میں بھی جنوبی پنجاب کا معاملہ شامل ہے۔ ہم یہ بات واضح کرچکے ہیں ہم انتخابات میں کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے۔ دنیا میں کوئی ملک ایسا نہیں جہاں ایک صوبہ 61 فیصد آبادی پر مشتمل ہو۔ ذرائع کے مطابق آج جنوبی پنجاب محاذ کی قیادت کی عمران خان سے ملاقات ہو گی۔ میر بلخ شیر مزاری، خسرو بختیار ساتھیوں سمیت عمران خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں فیصلے کا اعلان کرینگے۔ جنوبی پنجاب محاذ کے ارکان اب آزاد کی بجائے بلے کے نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔نیشن رپورٹ کے مطابق فواد چودھری نے بتایا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی محاذ کی شرط پی ٹی آئی نے منظور کر لی ہے۔ معاہدے کے مطابق تحریک انصاف اقتدار میں آنے کے بعد 100 روز کے اندر الگ صوبے کے قیام کیلئے اقدامات کریگی۔ عمران خان نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے مذاکرات کیلئے شاہ محمود قریشی کی صدارت میں کمیٹی قائم کی تھی۔ محاذ کے ترجمان نے بتایا کہ ہم نے انضمام کیلئے شرائط رکھی ہیں جن کے مطابق نئے صوبے کے قیام کیلئے سفارشات پر کمیٹیاں قائم ہوں گی جو انتخابات سے پہلے رپورٹ پیش کرینگی، اگر ہماری تمام شرائط تسلیم کر لی گئیں تو ہم آج انضمام کا اعلان کرینگے۔ آج ہمارا اجلاس بنی گالہ کی بجائے کسی دوسرے مقام پر ہو گا۔