• news

شریف فیملی کے خلاف ٹرائل کی مدت بڑھانے کے لئے درخواست منظور‘ سپریم کورٹ آج سماعت کے گی

اسلام آباد(نا مہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت)اسلام آبادکی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں پاناماجے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹرایف آئی اے واجد ضیا کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 10مئی کو طلب کر لیاجبکہ دوران سماعت فاضل جج محمد بشیر نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی مدت میں توسیع کے لیے دوبارہ سپریم کورٹ کو درخواست دی ہے۔ سپریم کورٹ کے جواب کے بعد ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں نواز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر ملزمان کے بیان ریکارڈ کرنے کے لیے نیب کی درخواست پر فیصلہ ہو گا۔ تینوں ریفرنسز کا فیصلہ ایک ساتھ سنایا جائے گا۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت کی تو ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے ملزمان کے خلاف شہادتیں مکمل ہونے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا اور ملزمان کے بیان ریکارڈ کرنے کی تاریخ مقرر کرنے کی استدعا کی۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیا عدالت کو نیب جو کہے گا وہی ہو گا ؟پہلے دیگر دو ریفرنسز میں واجد ضیاکا بیان قلمبند کیا جائے۔ واجد ضیاکے بیان سے پہلے ملزمان کا بیان قلمبند کرنے سے ہمارا دفاع ظاہر ہوجائے گا۔ عدالت پہلے ہی اپنے حکم نامے میں کہہ چکی ہے کہ ایک ریفرنس میں بیان ہونے کے بعد واجد ضیاکا دیگر دو ریفرنسز میں بیان قلمبند کیا جائے گا۔ تینوں ریفرنسز میں استغاثہ کے گواہوں کے بیان مکمل ہونے پر ملزمان کے بیان ریکارڈ کیے جائیںجس پر عدالت نے نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کے بیان ریکارڈ کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مدت میں توسیع کا فیصلہ آجائے تو پھر ملزمان کے بیان کا معاملہ دیکھیں گے۔ خواجہ حارث نے کہاکہ میرے خیال میں سپریم کورٹ کو مزید تین ماہ کا وقت دینا چاہئے۔ جس پر فاضل جج نے کہاکہ یہ تو سپریم کورٹ کی مرضی ہے کہ کتنا وقت دیا جاتا ہے۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا شفاف ٹرائل کا تقاضا تو یہی ہے کہ ہمیں بھی اتنا ہی وقت ملنا چاہئے جتنا پراسیکیوشن کو ملا۔ انہوں نے 18گواہوں پر 8ماہ لگا دئیے۔علاوہ ازیں احتساب عدالت کے جج محمدبشیر کی جانب سے نوازشریف، مریم نواز اورکیپٹن صفدر کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کے لئے سپریم کورٹ سے مزید وقت کی مہلت طلب کی ہے جس پر سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کے جج محمدبشیر کی شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنس کیس کی مدت میں توسیع کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کیلئے دو رکنی بنچ تشکیل دیا ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ آج بدھ سے کیس کی سماعت کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن